دُبئی میں خواتین کے لیے منفرد فور سٹار ہوٹل قائم ہو گیا

’ٹائم اسما ہوٹل‘ کا تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا، ستمبر میں ہوٹل کا افتتاح کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جون 2021 13:16

دُبئی میں خواتین کے لیے منفرد فور سٹار ہوٹل قائم ہو گیا
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون2021ء ) متحدہ عرب امارات کے قیام کو ابھی بمشکل 50 سال ہوئے ہوں گے، مگر ترقی اور جدت میں یہ دُنیا کے سینکڑوں ممالک کو پیچھے چھوڑ گیا ہے جو اس ملک سے بہت پہلے وجود میں آ چکے تھے۔ اماراتی قیادت کی روشن خیالی، رواداری اور دیگر انسانیت پرستی کی اقدار کے باعث ہی یو اے ای آج ترقی کی اونچائیوں کو چھو رہا ہے۔

یہاں تمام مذاہب، ممالک اور رنگ و نسل کے افراد سے یکساں سلوک کیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے تمام لوگ یکساں طور پر اس ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔ دُبئی میں لوگوں کو سہولتیں دینے اور جدت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت اربوں درہم کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام چلتا رہتا ہے۔ خصوصاً نجی شعبے کی جانب سے منفرد انداز کی عمارتیں اور دیدہ زیب ہوٹلز بھی تعمیر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اب کی بار دُبئی نے دُنیا کو ایک بار پھر حیران کرنے کی تیاری کر لی ہے۔دُبئی میں ہزاروں شاندار اور پُرتعیش ہوٹلز موجود ہیں جہاں سے شہر بھر اور سمندر کے دُور دُور تک کے نظارے بھی ممکن ہیں۔ تاہم اب دُبئی میں اپنی نوعیت کا ایک ایسا ہوٹل جلد کھول دیا جائے گا جس کا تمام تر اسٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا۔ یہ فور اسٹار ہوٹل البرشا کے علاقے میں تعمیر کیا جا رہا ہے جو ستمبر میں کھول دیا جائے گا۔

یہ ہوٹل ’ٹائم گروپ‘ کے زیر انتظام ہوگا جس کی ڈائریکٹر ایک فرانسیسی خاتون الیگزینڈرا کیلنر کو مقرر کیا گیا ہے۔ ٹائم اسما ہوٹل کی چھ منازل میں 232 کمرے ہوں گے
جن میں سے کچھ منازل مکمل طور پر خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی اور ان میں تمام تر سروسز بھی خواتین ہی فراہم کریں گے۔ ہوٹل کے کمروں میں میک اپ کا سامان بھی موجود ہوگا ، اس کے علاوہ پلاسٹک سرجری کروانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

خواتین کے لیے ایک الگ پارکنگ بھی مخصوص کی گئی ہے۔ریسپشن کاؤنٹر، فوڈ آئٹمز، فنڈنگ، سیلز شاپس پر بھی خواتین ہی تعینات ہوں گے اور روم سروس بھی خواتین انجام دیں گی۔ خواتین شیف ہی تمام کھانے پکائیں گی۔ اس ہوٹل کا تقریباً 80 فیصد سٹاف خواتین پر مشتمل ہوگا۔
خواتین کے لیے مخصوص ہوٹل میں 4 میٹنگ ہالز، بزنس سینٹر، مردوں اور خواتین کے لیے دو الگ ریسٹورنٹس اور سوئمنگ پول بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ خواتین سپورٹس گیمز سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :