امن وا مان کے قیام کیلئے غیر ترقیاتی مد میں 26.867بلین روپے مختص

صوبے میںآئندہ مالی سال میںقا نون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف شعبہ جات میں 556 ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں،صوبائی وزیر خزانہ میرظہور بلیدی

جمعہ 18 جون 2021 22:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ صوبے میںآئندہ مالی سال میںقا نون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف شعبہ جات میں 556 ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں،جبکہ امن وا مان کے قیام کیلئے غیر ترقیاتی مد میں 26.867بلین روپے مختص جبکہ ترقیاتی مد میں1.545بلین روپے رکھے گئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کریمنل جسٹس سسٹم کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیںجس سے پولیس، لیویز اور بلوچستان کانسٹیبلری کی مجموعی استعداد کار میں اضافہ ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پہلی دفعہ صوبے میں ڈیجیٹیل پولیسنگ کی طرف گئی ہے ،جس میں جدید ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے عمل کو موثر بنانے کے لئے کوئٹہ شہر میں 248.294ملین روپے کی لاگت سے فرانزک سائنس لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال2021-22میںقانون نافذ کرنے والے اداروں کے مختلف شعبہ جات میں 556 ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال2021-22کے دوران لیویز فورس ، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کی تنظیم نو اور بہتری کے لئے 2.86بلین روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں اس شعبے کے لئے غیر ترقیاتی مد میں 26.867بلین روپے مختص جبکہ ترقیاتی مد میں1.545بلین روپے رکھے گئے ہیں۔