سعودی حکومت نے توکلنا ایپ پر انتہائی شاندار سہولت متعارف کرا دی

اب ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں، توکلنا ایپ کے ذریعے الیکٹرانک کاپی دکھائی جا سکے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جون 2021 15:05

سعودی حکومت نے توکلنا ایپ پر انتہائی شاندار سہولت متعارف کرا دی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جون 2020ء) سعودی عرب ٹیکنالوجی کے میدان میں نت نئی منازل طے کر رہا ہے۔ سعودی حکومت کی جدت کی جانب بڑھنے والی پالیسیاں رنگ لانے لگی ہیں، جس کے نتیجے میں بیشتر شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کا نفاذ ہو چکا ہے۔ ایک ایسی ہی تازہ ترین سہولت توکلنا ایپ ہے جس سے خصوصاً تارکین کو بہت زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔سعودی حکومت نے اب توکلنا ایپ پر شاندار سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے بعد مقامی اور غیر ملکی ڈرائیورز کو دوران سفر اپنا ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

محکمہ ٹریفک نے ابشر پلیٹ فارم پر ’رخصة فی جوالک‘ (آپ کا ڈرائیونگ لائسنس آپ کے موبائل میں) کے نام سے جدید ترین سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب تمام ڈرائیورز ٹریفک حکام کو توکلنا ایپ پر اپنا ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس دکھا سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس سہولت کی وجہ سے کاغذی ڈرائیونگ لائسنس گم جانے کا خدشہ بھی کم ہو گیا ہے۔ ڈرائیورز کے پاس بس اپنا موبائل ہونا لازمی ہوگا جس میں توکلنا ایپ کے ذریعے ٹریفک اہلکاروں کو ای ڈرائیونگ لائسنس دکھایا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق مختلف سروسز کے لیے توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کی گنتی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی وزارت داخلہ نے "توکلنا" ایپ کے ذریعے 'ڈیجیٹل شناخت' کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی شناخت کے حوالے سے یہ پروگرام 'سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس' (SDAIA) کے تعاون سے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس اپیلی کیشن میں اندراج کرانے والے افراد تمام سرکاری اور نجی معاملات میں اپنی ڈیجیٹل شناخت کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ مستقبل میں اس حوالے سے مزید قومی مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی"۔ یہ سیکورٹی اہل کاروں کے پاس شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی شناخت ثابت کرنے کا سرکاری منظور شدہ ذریعہ ہے۔

سعودی محکمہ جوازات نے ڈیجیٹل اقامہ بھی لانچ کردیا ہے جس سے تارکین کو کافی سہولت ہو گئی ہے۔ڈیجیٹل اقامہ ایپ بغیر انٹرنیٹ کے بھی کارآمد ہوتی ہے اس میں موجود کیو آر کوڈ کوریڈ کرکے تمام تفصیلات جوازات کے پورٹیبل کمپیوٹر پر چیک کی جا سکتی ہیں اس لیے بہتر ہے کہ تارکین اس سہولت سے مستفیض ہو کراپنے اسمارٹ فون پراقامہ ڈاون لوڈ کرلیں تاکہ ان کا اقامہ کارڈ محفوظ رہے۔