قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ میں کم سن طالبہ کے قاتل کی 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار

سٹیزن سنٹرک پولیسنگ کی طرز پر عوام کی جان و مال کی حفاظت اور سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا‘آئی جی پنجاب

ہفتہ 19 جون 2021 21:51

قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ میں کم سن طالبہ کے قاتل کی 24 گھنٹوں کے اندر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ قلعہ دیدار سنگھ، گوجرانوالہ میں کم سن طالبہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے والے سفاک قاتل کی چوبیس گھنٹوں کے اندرگرفتاری سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ شہریوں کے تعاون اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت پولیس نے ملزم کو انتہائی کم وقت میں گرفتار کرلیا اور اب زینب زیادتی قصورکیس اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس کی طرح اس واقعہ کے ملزم کو بھی قرار واقعی سزا دلوانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے اس اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری پر گوجرانوالہ پولیس کے افسران و اہلکاروں شاباش دیتے ہوئے آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ وہ خود قلعہ دیدار سنگھ جا کر غمزدہ خاندان، شہریوں اور میڈیا نمائندگان سے ملاقات کریں اور عوام کی جانب سے بھرپور تعاون اور اعتماد پر انکا شکریہ ادا کریں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ معاشرے سے جرائم کے قلع قمع میں پولیس اور شہریوں کا باہمی تعاون اور اعتماد کلیدی حیثیت کا حامل ہے لہذا پولیس شہریوں بہترین سروس ڈلیوری سے عوام کے ساتھ اپنے روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس سٹیزن سنٹرک پولیسنگ کی طرز پر عوام کی جان و مال کی حفاظت اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی اورسماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔