سعودی عرب ،17ماہ میں نوکروڑ ریال بیرون ملک اسمگل ہونے سے قبل ضبط

ہر مسافر کو 60ہزار ریال ، زیورات یا قیمتی دھات لے جانے سے پہلے اتھارٹی کی ایپلی کیشن پر اندراج کرانا ہو گا،بیان

اتوار 20 جون 2021 11:50

سعودی عرب ،17ماہ میں نوکروڑ ریال بیرون ملک اسمگل ہونے سے قبل ضبط
․ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) سعودی عرب میں زکاة، ٹیکس اینڈ کسٹم اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے جنوری 2020 سے رواں ماہ مئی 2021 کے اختتام تک اسمگلنگ کی روک تھام کی کوششوں کے نتیجے میں مملکت کی تمام سرحدوں پر مجموعی طور پر تقریبا 9 کروڑ ریال اور 290 کلو گرام سے زیادہ سونے کے زیورات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔عرب ٹی وی کے مطابق خصوصی بیان میں اتھارٹی نے مزید بتایا کہ گذشتہ روز 2765000 ریال مملکت سے باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

(جاری ہے)

یہ رقم ایک ٹرک کے اندر چھپائی گئی تھی جو البطحا کی سرحدی گزر گاہ کو عبور کر رہا تھا۔اس سلسلے میں اتھارٹی نے یہ فیصلہ لازم قرار دیا ہے کہ ہر مسافر کو (خواہ وہ مملکت سے جا رہا ہو یا مملکت آ رہا ہو)جو کرنسی یا زیورات یا کوئی بھی قیمتی دھات رکھتا ہو جس کی قیمت 60 ہزار ریال یا اس سے زیادہ ہو تو اسے اتھارٹی کی ایپلی کیشن کے ذریعے برقی اعلانیے کا اندراج کرانا ہو گا۔اتھارٹی کے مطابق عدم انکشاف کی صورت میں مسافر پر ضبط کی ہوئی اشیا کی قیمت کے مختلف تناسب سے مالی جرمانہ عائد ہو گا۔