ملک میں فیفا کے بغیر فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے اور حکومت قبضہ گروپ سے فیفا ہاس خالی کروائے، رائے انتخاب علی

بدھ 23 جون 2021 13:41

ملک میں فیفا کے بغیر فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے اور حکومت قبضہ گروپ سے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) ماشا یونائیٹڈ فٹ بال ٹیم کے چیف ایگزیکٹو رائے انتخاب علی نے کہا ہے کہ ملک میں فیفا کے بغیر فٹ بال کی ترقی ناممکن ہے اور حکومت قبضہ گروپ سے فیفا ہاس خالی کروائے۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز فیفا ہاس پر قبضہ کے خلاف مظاہرین کی کثیر تعداد سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ماشا یونائٹیڈ فٹ بال ٹیم کے صدر رانا محمد اشرف خاں اور سابق انٹرنیشنل فٹ بالر حاجی عبدالستار بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ فیفا ہاس پر قبضہ کرنے سے ملک میں فٹ بال کا کھیل تباہی کی طرف جا رہا ہے اور اس سے کھیل اور کھلاڑیوں کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ حالت ہے کہ پاکستانی فٹ بالر بین الاقوامی سطح پر کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتے کیونکہ فیفا نے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کو معطل کر رکھا ہے، رائے انتخاب علی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ملک میں فٹ بال کے کھیل کو بچائیں اور ذاتی دلچسپی لے کر قبضہ گروپ سے فیفا ہاس خالی کروا کر پاکستانی کھلاڑیوں کو مزید نقصان سے بچائیں،انہوں نے کہا کہ اگر فیفا ہاس خالی نہیں ہوگا تو پاکستانی کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوگا اور پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ایونٹس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔