کورونا کی وجہ سے نئی نسل کی تباہی کا خطرہ ہے، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

کورونا وائرس کی وجہ سے 19 ممالک میں اسکولوں کی بندش سے 15 کروڑ سے زائد بچے متاثر ہوئے ،بیان

منگل 13 جولائی 2021 13:55

کورونا کی وجہ سے نئی نسل کی تباہی کا خطرہ ہے، اقوام متحدہ نے خبردار ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) عالمی وبا کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث موجودہ نوجوان نسل کا مستقبل غیر یقینی کیفیت میں ہے، جس کی اہم وجہ اسکولوں کی بندش ہے، تعلیمی سرگرمیوں کے نہ ہونے سے بچوں کی صلاحیتوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 19 ممالک میں اسکولوں کی بندش سے 15 کروڑ سے زائد بچے متاثر ہوئے ہیں جس سے پوری ایک نسل کی تباہی کا خطرہ ہے، یہ انتباہ اقوام متحدہ کے دو اداروں یونیسیف اور یونیسکو نے جاری کیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یونیسیف اور یونیسکو کے حکام نے اسکولوں کی بندش کے حوالے سے کہا کہ حکومتوں نے کئی مرتبہ اسکول بند کیے اور انہیں لمبے عرصے تک بند رکھا۔اقوام متحدہ کے دونوں اداروں نے اس ضمن میں دعوی کیا کہ حکومتوں نے اس وقت بھی اسکولوں کو بند رکھا جب اس کی ضرورت بھی نہیں تھی۔

(جاری ہے)

یونیسیف اور یونیسکو نے اس حوالے سے مشورہ دیا کہ اسکولوں کو سب سے آخر میں بند ہونا چاہیے اور سب سے پہلے کھلنا بھی چاہیے۔

یونیسیف کے اہلکار ہینریتا فور کا کہنا تھا کہ ہم فیصلہ سازوں اور حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ نسلوں کو تباہی سے بچانے کے لیے محفوظ طریقہ کار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسکولوں کو کھولنے کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول بند کرنے سے ہمارا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اسکولوں کو محفوظ طریقے سے کھول سکتے ہیں اور ہمیں یہ کام لازمی کرنا بھی چاہیے۔