خالدہ جرار کو بیٹی کے جنازے میں شرکت کی اجازت دینے کا مطالبہ

عالمی برادری خالدہ جرار کو اسرائیلی جیلوں سے رہائی دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے،مظاہرین

منگل 13 جولائی 2021 15:30

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے عالمی سطح پرمہم شروع کی ہے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ زیر حراست فلسطینی خاتون رکن پارلیمنٹ خالدہ جرارکو ان کی بیٹی کے جنازے میں شرکت کی اجازت دے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں،سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے پیپلز فرنٹ کی رہ نما خالدہ جرارکی رہائی کیلیے مظاہرے شروع کیے ۔

(جاری ہے)

خالدہ جرارکی رہائی کے لیے ہونے والے مظاہروں کے دوران عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ خالدہ جرار کو اسرائیلی جیلوں سے رہائی دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ وہ فوت ہونے والی اپنی بیٹی سھی کے جنازے میں شرکت کرسکیں۔خیال رہے کہ فلسطینی خاتون رکن پارلیمنٹ خالدہ جرار کی جواں سال بیٹی سھی گذشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئی تھیں۔سوشل میڈیا پر بھی خالدہ جرارکی رہائی کے لیے مہم جاری ہے جس میں شہری زور وشور سے حصہ لے رہے ہیں۔خیال رہے کہ خالدہ جرار اکتوبر2019 سے پابند سلاسل ہیں۔ انہیں رواں سال اکتوبر میں رہا کیے جانے کا امکان ہے۔ ان پر اسرائیل مخالف سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عاید کیا جاتا ہے۔