اسلام آباد، پولیس افسران کی علمائے کرام سے مل کر نماز جمعہ کے دوران مساجد و مدارس میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اپیل

ہفتہ 17 جولائی 2021 00:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2021ء) پولیس افسران کی علمائے کرام سے مل کر نماز جمعہ کے دوران مختلف مساجد و مدارس میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اپیل۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے ویڑن کے مطابق وفاقی دارلحکومت کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لئے اسلام آباد پولیس نے بڑا قدم اٹھا لیا، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے اس سلسلہ میں علمائے کرام سے بھی مدد طلب کرلی اور گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں انسدا د منشیات کے حوالے سے ایک بڑے سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع بھر سے ہر مکتبہ فکر کے علمائے کرام نے بھر پور شرکت کی جس میں آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس کی اس مہم کے بارے میں بتایا جس کو علمائے کرام نے بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین کروائی اور اپنی اپنی تجاویز بھی دیں، علمائے کرام نے کہا کہ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے اپنے لیول پر اس مہم میں اسلام آباد پولیس کا ساتھ دیں تاکہ اپنی آنے والی نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس مہم کو جاری رکھتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر پولیس افسران نے نماز جمعہ کے دوران ضلع بھر کی مساجد و مدارس میں اعلانات کئے۔آئی جی اسلام آباد کے احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی آ پریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے فیصل مسجد، ایڈیشنل ایس پی اسلام آباد فرحت عباس کاظمی نے مرکزی جامعہ مسجد جی سکس ٹوجبکہ زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقوں میں مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے دوران اعلانات کئے، ایس ایس پی آپریشنز نے اپنے اعلان میں کہا کہ اسلام آباد پولیس شہر سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر مہم چلا رہی ہے، پولیس اکیلی اس ناسور کا خاتمہ نہیں کر سکتی جب تک عوام کا ساتھ نہ ہو، ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ عوام منشیات کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون کریں،علمائے کرام مساجد میں بھی منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا بھرپور آغاز کریں،اسلام آباد پولیس نے منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے دوران سینکڑوں منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے،نوجوانوں کو بھی پیغام ہے کہ وہ اس لعنت سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار اداکریں،والدین اپنے بچوں،بچیوں پر کڑی نظر رکھیں کہ کہیں وہ اس لعنت کا شکار تو نہیں ہو رہے، شہری اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی معلومات کو اپنی پولیس کے ساتھ شئیر کریں، ان کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے بھرپور ایکشن ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نشہ ایک لعنت ہے جوکسی بھی فرد کی زندگی کو لمحوں میں برباد کر سکتا ہے۔

افسران نے مساجد کے خطیب و علمائے کرام سے بھی اس موقع پراستدعاکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیانات کے دوران انسداد منشیات کے بارے میں لازمی عوام الناس کو پیغام دیں اورہر فورم پر باربار منشیات کے استعمال کے نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں، ہم سب مل کر نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہے، آپ سب کو اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔