2030 کے بعد انسانی دماغ کو چِپ سے کنٹرول کیے جانے کا انکشاف

ٹیسلا سمیت دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی بنانے میں مصروف، انسانی دماغ انٹرنیٹ سے جوڑا جائےگا، انسانی خیالات، نظریات پربھی اثرانداز ہوا جاسکے گا، امریکی ماہرین کے گروپ کا اقوام متحدہ سے ایسی ٹیکنالوجی پر پابندی کا مطالبہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 جولائی 2021 00:26

2030 کے بعد انسانی دماغ کو چِپ سے کنٹرول کیے جانے کا انکشاف
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 جولائی2021ء) امریکی ماہرین کے ایک گروپ نے2030 کے بعد انسانی دماغ کو چِپ سے کنٹرول کیے جانے کا انکشاف کیا ہے، ٹیسلا سمیت دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں انسانی دماغ کو چپ کے ذریعے کنٹرول کرنے میں مصروف ہیں، اسمارٹ فونز کی جگہ دماغوں کو انٹرنیٹ سے جوڑ دیا جائےگا، جس کے بعد انسان اسمارٹ فون کے بجائے دماغ سے ہی انٹرنیٹ استعمال کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے امریکی ماہرین کے ایک گروپ نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں انسانی دماغ کو چِپ کے ذریعے کنٹرول کرنے والی ٹیکنالوجی کی ایجاد میں مصروف ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سائنس دانوں نے خبردار کیا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں آئندہ دس سالوں یعنی 2030 تک ایک ایسی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہیں جس کی مدد سے انسانی خیالات، نظریات پر اثرانداز ہوسکیں گی۔

(جاری ہے)

ایک تحقیق کے بعد امریکی ماہرین کے گروپ نے انکشاف کیا کہ دماغی چپس کے ذریعے اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کی رسائی پرغورکیا گیا ہے۔ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسے جدید آلات کی تیاری میں مشغول ہیں، جو اسمارٹ فونز کی جگہ ہمارے دماغوں کو انٹرنیٹ سے جوڑ دیں گے اور انسان اسمارٹ فون کے بجائے دماغ سے ہی انٹرنیٹ استعمال کرے گا۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ دس سالوں کے بعد اس ٹیکنالوجی کو تجارتی بنیادوں پر فروخت کیا جائےگا۔

امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر برائے نیوروسائنس نے خدشہ ظاہر کیا کہ چپ کے ذریعے انسانی دماغ کو کنٹرول کرنے کا خیال اب کوئی سائنسی افسانہ نہیں رہا کیونکہ اسے جلد حقیقت میں تبدیل کردیا جائے گا۔ دنیا کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا بھی ان دنوں بندروں کے دماغ کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے تجربات کرنے میں مصروف عمل ہے، اسی طرح فیس بک نے بھی انسانی دماغوں کو کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ ماہرین نے اقوام متحدہ سے ٹیکنالوجی کی تیاری اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔