سی ایس ایس میں دو بار ناکام ہونے پر لڑکی کی خود کشی

گھر والوں کے لیے مزید بوجھ نہیں بننا چاہتی، اس لیے میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہی ہوں،متوفی لڑکی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 17 جولائی 2021 08:46

سی ایس ایس میں دو بار ناکام ہونے پر لڑکی کی خود کشی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جولائی 2021ء ) نواب ٹاؤن کے علاقے میں 25 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر پنکھے سے لٹک کر خود کشی کر لی۔ اس نے مرنے سے قبل مبینہ طور پر ایک تحریر لکھی جس میں اس نے سی ایس ایس میں ناکامی کو اپنی خود کشی کی وجہ قرار دیا ہے۔پولیس نے تحریر کو قبضے میں لے کر فرانزک کیلئے بھجوا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحریر دو روز پرانی ہے۔

لڑکی کی شناخت ندا کے نام سے ہوئی جو کہ ملتان کی رہائشی تھی۔ اس کے اہلخانہ نے پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ندا اکبر نے خود کشی سے پہلے گھر والوں کے نام ایک نوٹ لکھا ہے جس میں اس نے لکھا کہ میں سی ایس ایس کے امتحان میں دو دفعہ ناکام ہو چکی ہوں۔ میں گھر والوں کے لیے مزید بوجھ نہیں بننا چاہتی، اس لیے میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہی ہوں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء باٹا پور کے علاقے بی آر بی نہر سے نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ خاتون کی لاش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع دی۔مقتولہ کی عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔ لاش بوسیدہ ہونے کے سبب ناقابل شناخت ہے۔ خاتون کے چہرے پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ سی سی پی او نے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔پولیس کا بتانا ہے کہ ندا نے 13 جولائی کو ایک خط کمرے میں چھوڑا تھا جس میں لکھا تھاکہ وہ زندگی سے ہاتھ دھو رہی ہے، اس کا وجود بوجھ اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں، وہ ابو کو مس کرے گی۔

پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم نے ندا کے فلیٹ سے شواہد جمع کرلیے ہیں، تاحال خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی جب کہ ورثا نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔