مری روڈ راولپنڈی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پودوں سے سجا کر خوبصورت بنایا جا رہاہے،ترجمان پی ایچ اے

ہفتہ 17 جولائی 2021 17:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) مری روڈ راولپنڈی کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کے وژن کے مطابق پودوں سے سجا کر خوبصورت بنایا جا رہاہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے میٹرو بس ٹریک کے ستونوں کو رنگ و روغن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے عملہ نے میٹرو ٹریک کو سبز اور پھولدار پودوں سے سجایا ہے۔ ترجمان پی ایچ اے نے کہا کہ مری روڈ پر پودے نہ صرف سڑک کیلئے خوبصورتی کا باعث بنتے بلکہ اس سے فضائی آلودگی کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی مون سون شجرکاری مہم میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور اس مرتبہ دریائے سواں اور نالہ لئی پر درخت لگانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔