دعا فاؤنڈیشن کراچی کی جانب سے تھر پارکر کی تمام تحصیلوں میں قربانی فی سبیل اللہ کی جائے گی

منگل 20 جولائی 2021 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) دعا فاؤنڈیشن کراچی کی جانب سے تھر پارکر کی تمام تحصیلوں میں قربانی فی سبیل اللہ کی جائے گی۔ قربانی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عدا فاونڈیشن کے صدر عامر خان اور سکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے تھر پارکر کے دورے کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تھر پارکر میں ہزار ہا گھرانے ایسے ہیں جنہیں پورے سال میں عید الاضحی کے تہوار پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے متعدد علاقوں میں گربت ہے تاہم تھر پارکر ان میں اس حوالے سے منفرد ہے کہ یہاں زندگی کی دوسری سہولتیں اور روزگار کے ذرائع بہت کم یا نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل ساتواں سال ہے جس میں اللہ تعالی کی توفیق اور پاکستانیوں کے مالی تعاون سے ہم قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کررہے ہیں۔ تھر باسی پورے سال اس تہوار کا انتظار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایثار کے معاملے میں بہت کشادہ دلی سے کام لیتی ہے اور اس برس بھی تھر کی تحصیلوں ڈیپلو، کلوہی، نگر پارکر، چھاچھرو، اسلام کوٹ اور ڈالہی سمیت متعدد علاقوں میں قربانی کی جائے گی۔ قربانی کے جانوروں میں گائے ، بیل اور بکروں کی قربانی کے علاوہ اونٹ بھی نحر کیے جائیں گے۔