مستحقین کو یاد رکھنا ہی قربانی کی اصل روح ہے، علماء کرام

خدمت انسانیت کے لئے جے ڈی سی کی خدمات کا کوئی ثانی نہیں، مفتی شاہ محمدیوسف حفیظ،مولانا انتظار الحق تھانوی،ڈاکٹر فاروق ستار

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) پاکستان کے جیدممتازو معروف علماء کرام ومشائخ عظام اور اہم سیاسی سماجی شخصیات مولانا انتظار الحق تھانوی ، سینئر سیاستدان فاروق ستار،الجماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیرمفتی شاہ محمدیوسف حفیظ محمدی،جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولاناسلیم اللہ ترکی،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مولاناقاضی احمدنورانی صدیقی،چیئرمین جے ڈی سی شیخ محمدحسن ودیگر نے کہاہے کہ سنتِ ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے مستحقین کو یاد رکھنا ہی قربانی کی اصل روح ہے، اتحاد امت اور انسانیت کی خدمت کے لئے جے ڈی سی کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہیں، سینکڑوں کی تعداد میں اعلیٰ نسل کے اونٹ، گائے، بکرے اور دنبے ذبح کرنا اور پھر کراچی سے لے کر ملک کے دیگر حصوں میں ان کا گوشت پہنچانے پر ظفر عباس اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جے ڈی سی کی اجتماعی قربانی برائے مستحقین کے موقع پر کیا۔قربانی کے موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے رہنمافقیر ملک محمدشکیل قاسمی، مولانامنظرالحق تھانوی، علامہ شافع صدیقی،مولاناشفاء اللہ نورانی،سیدمعاذنظامی،جنرل سیکریٹری AKRA فیضان راوت،مولاناآزادجمیل اور شکیل صدیقی، وسیم قریشی سمیت ملک کے معروف فنکار، علماء کرام اور سینئر سیاستدان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری جے ڈی سی فاونڈیشن ظفر عباس نے کہا کہ قربانی برائے مستحقین کا اصل مقصد ہی سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنا ہے۔ جے ڈی سی اسی لیے قربانی کے حوالے سے اعلیٰ نسل کے جانوروں کا انتخاب کرتی ہے تاکہ جس کے بھی گھر گوشت پہنچے وہ کسی بھی قسم کی احساسِ محرومی کا شکار نہ رہے۔