زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اولڈ کیمپس کومیوزیم کے طو رپر متعارف کروایا جائیگا،پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں

پنجاب زراعی کالج کی یہ عمارت یونیورسٹی ہی نہیں بلکہ اس خطے کی ایک سو سال سے زائد عرصہ پر محیط ثقافت کواپنے اندر سموئے ہوئے ہے جسے آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ کرنا ایک قومی ذمہ داری ہے جسے ہرصورت پورا کیا جائیگا،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

منگل 27 جولائی 2021 23:43

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اولڈ کیمپس کومیوزیم کے طو رپر متعارف کروایا جائے گا تاکہ برصغیر پاک و ہند کی زراعت میں وقوع پذیر ہونیوالی مرحلہ وار ترقی کو آنیوالی نسلوں کیلئے محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ خطے کی شاندار اور برشکوہ ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں(ستارہء امتیاز)نے نامور سفرنامہ نگار مستنصر حسین تارڑ اور پاکستان ٹیلی ویژن کے پروڈیوسرو آرٹسٹ عثمان پیرزادہ کی قیادت میں یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے وفد سے ملاقات میں کہیں۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ماضی قریب میں اس پرشکوہ عمارت کو میوزیم بنانے کیلئے ان کی سربراہی میں ابتدائی کام مکمل کیا گیا تھا تاہم بعد میں اسے باوجوہ آگے نہیں بڑھایا جا سکا تاہم وہ چاہتے ہیں کہ اس اہم کام کو نئی ولولے اور جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب زراعی کالج کی یہ عمارت یونیورسٹی ہی نہیں بلکہ اس خطے کی ایک سو سال سے زائد عرصہ پر محیط ثقافت کواپنے اندر سموئے ہوئے ہے جسے آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ کرنا ایک قومی ذمہ داری ہے جسے ہرصورت پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 1960 کی دہائی میں ریڈیو پاکستان کے متعدد پروگرامز جن کے ذریعے کاشتکاروں کو میکسی پاک اور فرٹیلائزر کے حوالے سے نچلی سطح پر آگاہ کیا جاتا رہا ہے جس سے ملکی زراعت میں سبز انقلاب برپا کرنے میں مدد ملی تاہم اب ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں مقاصد کے حصول کیلئے غیرروایتی طریقوں کو بھی کام میں لانا ہوگا۔ مستنصر حسین تارڑ نے کہا کہ ہرچندآج کے بزرگ بہت سے معاملات میں نوجوانوں کی صلاحیتیوں پر اعتماد کرنے کے بجائے جملہ امور میں ان کی کماحقہ حوصلہ افزائی نہیں کرتے جس سے کچھ کرگزرنے کے حوالے سے ان کے اندر کا بحربیکراں ساحل مراد تک نہیں پہنچ پاتا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان صلاحیتوں کے اظہار میں کسی طو رپر بھی اپنے بزرگوں سے کمتر نہیں لیکن معمولی سی حوصلہ افزائی ان کی صلاحیتوں کو ایسی جلا بخش سکتی ہے جس سے وہ کامیابیوں کی نئی منازل طے کر سکیں۔ عثمان پیرزادہ نے کہا کہ یونیورسٹی کی کامیابیوں کو بہترطو رپر عوام تک پہنچانے کیلئے ڈاکومنٹری فلمز کوسوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جانا چاہئے تاکہ ملکی معیشت کی بہتری میں زرعی یونیورسٹی کے کلیدی کردار کو عوامی پذیرائی حاصل ہوسکے۔

ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل نیف سیٹ پروفیسرڈاکٹر طاہر ظہور ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق بٹ پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ پروفیسرڈاکٹر جلال عارف ناظم امور طلبہ پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہیچیئرمین ایگرانومی ڈاکٹر شہزاد بسراسینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عبدالنوید ڈاکٹر عائشہ ریاض ڈاکٹر عاصم عقیل اور ڈاکٹر انور الحق بھی شریک تھے۔