فلسطینی اتھارٹی آزادی اظہار رائے کو دبا رہی ہے،فادیہ البرغوثی

فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکورٹی ادارے کی طرف سے جی میڈیا کے دفتر پر چھاپے قابل مذمت ہیں،بیان

جمعرات 29 جولائی 2021 16:10

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) فلسطین کی سینئرخاتون سماجی رہ نما فادیہ البرغوثی نے فلسطینی اتھارٹی کی ذرائع ابلاغ کو دبانے اور آزاد اظہار رائے کو کچلنے کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورکہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی طاقت کے ذریعے آزاد اظہار رائے کو دبا رہی ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں فادیہ البرغوثی نے فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکورٹی ادارے کی طرف سے جی میڈیا کے دفتر پر چھاپے اور دفتر کو سیل کرنے کی مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جی میڈیا پر عباس ملیشیا کی طرف سے پابندی فلسطینی ابلاغی اداروں کا گلا گھونٹنے کی اتھارٹی کی انتقامی کارروائیوں کا تسلسل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم اس وقت جس طرح کے حالات سے گذر رہی ہے اس میں فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہے مگر فلسطینی اتھارٹی اسرائیل کے ساتھ تعاون اور اپنے عوام کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

فادیہ البرغوثی کا کہنا تھا کہ جی میڈیا ادارے پر فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے پابندی فلسطینی قوم کی آزادی اظہار رائے کے حق کی توہین اور فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت اداروں کی آمرانہ روش کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ جی میڈیا ایک غیر جانب دار ابلاغی ادارہ ہے جس پر پابندی کا کوئی جواز نہیں۔ وہ حقائق کو سامنے لانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسے دیوار سے لگانے کی آمرانہ روش اختیار کی ہے۔

متعلقہ عنوان :