2024کے انتخابات میں بی جے پی کوشکست دینے کیلئے اپوزیشن کااتحاد ناگزیر ہے ، ممتا بینرجی

جمعرات 29 جولائی 2021 19:17

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابینر جی نئی دلی میں کانگرس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہل گاندھی سے ملاقات کی اور 2024میں لوک سبھا کے انتخابات میں نریندرمودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف انتخابی اتحاد قائم کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کے بعد ممتا بینر جی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سونیا گاندھی نے انہیں ملاقات کیلئے بلایا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملاقات کے دوران انہوںنے سیاسی صورتحال ، پیگاسس جاسوسی اسکینڈل اور کورونا وبا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس موقع پر حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان اتحاد پر بھی غور کیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی کوآئندہ انتخابات میں شکست دینے کیلئے اپوزیشن کو متحد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مجوزہ محاذ کی قیادت کے معاملے پر ممتابینر جی نے کہا کہ وہ صرف ایک کارکن ہیںاور ا س کا انحصار صورتحال پر ہو گا کہ بی جے پی کے خلاف حزب اختلا ف کے اتحاد کی قیادت کون کرتا ہے اور انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت کے خلاف جدوجہد کے دوران مجوزہ اتحاد کا قائد سامنے آجائے گا۔