پی ٹی آئی کی حکومت کراچی کے مہاجروں کو ریلیف دی:ڈاکٹرسلیم حیدر

سندھ کے شہری علاقوں پر قابض دیہی حکمران مہاجروں کا استحصال کررہے ہیں ،چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک

جمعہ 30 جولائی 2021 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبائی خودمختاری کے نام پر من مانے فیصلے کررہی ہے۔ صوبائی خودمختاری کے تمام تر فوائد حکومت اور دیہی علاقوں کے بااثر افراد تک محدود ہیں۔ صوبائی خودمختاری کے ثمرات شہری علاقوں اور مہاجر عوام کیلئے نہیں۔

اس لئے پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت مرکز کی بالادستی اور ملک کے استحکام کیلئے فوری طورپر کراچی اور حیدرآباد کے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ یہاں کے عوام وڈیروں اور متعصب حکمرانوں کے ظلم و زیادتیوں سے نجات حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت صرف اور صرف وہ کام کررہی ہے جس میں سندھی النسل لوگوں کو فائدہ پہنچا، یہ صرف سندھ میں سندھیوں کی بالادستی چاہتے ہیں اور اس کیلئے مہاجروں سمیت دیگر قوموں کے افراد کے ساتھ ناانصافی روا رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ وفاق کا حصہ ہے اور کراچی کو قائداعظم نے وفاق کے ماتحت کیا تھا جس کی وجہ سے کراچی بین الاقوامی شہر بنا لیکن پھر سازش کے تحت کراچی کو دیہی سندھ کے ساتھ جوڑ دیا گیا جس کے بعد سے دیہی علاقوں کے وڈیرے شہری عوام کو غلام بنانے کے خواب دیکھتے ہوئے سندھ کی حکومت پر قابض ہوگئے اور اب بھی اس طرح کے فیصلے کئے جاتے ہیں کہ جس سے شہری بالادستی کمزورہو او ر شہروں پر کرپٹ دیہی بیوروکریسی مسلط کردی جائے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے آنے کے بعد کراچی اور حیدرآبا دکے عوام یہ امید کررہے تھے کہ انہیں پیپلزپارٹی کے کرپٹ حکمرانوں سے نجات ملے گی لیکن عملی طورپر یہی کرپٹ حکمران اب صوبے میں دو کروڑ مہاجروں کے مستقبل کے فیصلے کررہے ہیں جس کے سبب مہاجروں کا مستقبل نہ صرف غیر محفوظ ہوگیا ہے بلکہ تاریخ ہوتا گیا۔ مہاجر نوجوان بیروزگار ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول کیلئے بھی دھکے کھارہے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ پیپلزپارٹی کی سیاست میں یا پھر صوبائی حکمرانوں کی کرپشن کی نذر ہورہا ہے۔