پی ایف ایف اور جی ایس وی کے مابین معاہدے پر دستخط

اس معاہدہ کا مقصد فرنچائز لیگ اور پاکستان فٹبال لیگ کا آغاز کرنا ہے‘ اشفاق شاہ

منگل 3 اگست 2021 14:35

پی ایف ایف اور جی ایس وی کے مابین معاہدے پر دستخط
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے گلوبل سوکر وینچرز (جی ایس وی) کے مابین معاہدہ پردستخط ہوگئے ہیں اور باقاعدہ میڈیا ریلیز کے زریعہ اس کا اعلان بھی کیا جارہا ہے۔ اس معاہدہ کا مقصد فرنچائز لیگ اور پاکستان فٹبال لیگ کا آغاز کرنا ہے۔پی ایف ایف اور جی ایس وی کا معاہدہ صرف فرنچائز لیگ /پی ایف ایل کا انعقاد ہی نہیں بلکہ جی ایس وی کراچی میں ایک جدید ترین فلیگ شپ اسٹیڈیم تیار کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔

یورپ کے ٹاپ کلبوں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی تکنیکی فٹ بال کوپاکستان میں رائج اور پہلی سنسنی خیز ڈومیسٹک انٹر سٹی فرنچائز لیگ کو ڈیزائن کرے گا۔ 70 سال سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود پاکستان نے فٹ بال میں کوئی ترقی نہیں کی اس معاہدے کے مطابق اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پاکستان کی فٹبال کودرست سمت پر گامزن کرنا اور پاکستانی فٹبالرزکیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا جس کے زریعہ وہ فکرمعاش سے آزاد ہوکر صرف اور صرف اپنے فٹبال کیریر پر فوکس کریں۔

(جاری ہے)

پی ایف ایف ملکی فٹبالرز کے مستقبل کے تحفظ اور کھیل کی عدم سہولیات کوجدید تقاضوں کے عین مطابق فراہم کرنے میں انتہائی سنجیدہ اور فکر مند ہے۔پی ایف ایل کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان میں فٹبال کی نئی نسل کی ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ فٹبال کھیل کی تعمیر نو میں بھی مددگار ثابت ہوگی اور ایک ایسا نیا فٹبال کا ماحولیاتی نظام تشکیل دیا جارہا ہے جس میں ملکی فٹبالرز کو سرفہرست رکھا جائے گا۔

صدر، پاکستان فٹبال فیڈریشن انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے کھلاڑیوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کنٹرول سنبھال لوں۔ میں فٹ بال کو بچانا چاہتا ہوں اور جی ایس وی کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے جنہوں نے ملکی فٹبال اور فٹبالر زکو اس کا جائز مقام دلانے کا بیٹرا اٹھایا۔ میرا مشن ہے کہ فٹ بال کو ایک پیشہ ورانہ کھیل کے طور پر جانا اورپہچانا جائے اور ملکی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور اپنی سرزمین پر بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے میں ان کی مدد کرنے کے لیے پیشہ ورانہ حوصلہ دیا جائے۔

گلوبل سوکر وینچرز پاکستان کی فٹبال کو کئی عشروں سے زبوں حالی کا شکار اور اسے غریبوں کا کھیل سمجھ کربری طرح نظر انداز کیا جاتا رہا ہے لیکن اب مقامی طور پر فٹبال کو اس کا جائز مقام دلانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔عملی طور پراس کا آغاز کردیا گیا ہے - میری حکمت عملی بنیادی ڈھانچے، بین الاقوامی تعاون اور سنسنی خیز لیگ کے امتزاج کے ذریعے پاکستان کے فٹ بال کے لیے ایک جدید کھیلوں کا حل پیش کرتی ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر مائیک فرنان نے کہا''پاکستان سوتا ہوا دیو ہے، جس میں فٹ بال کا بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ انٹرنیشنل میں گلوبلائزیشن کی حکمت عملی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں پر توجہ مرکوز کرنا تھی۔ میں نے فٹبال کا ایک نیا منظر نامہ بنا کر پاکستان کے لیے یہی طریقہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑی قوم کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس کے لیے میں پاکستان کی فٹ بال کو دنیا میں ایک جائزمقام دلانے کیلیے تیار ہوں۔