پیپلز پارٹی کا ایل این جی مہنگی قیمت پر خریدنے کے معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

شفافیت کے دعویداران حکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا مہنگا معاہدہ بہت بڑا سکینڈل ہے ،قوم یہ سوال اٹھانے میں حق بجانب ہے کہ حکومتی خاندان کے مالیاتی سیکنڈل پر نیب کیوں اپاہج بنا نظر آتا ہے، نیئر بخاری

بدھ 4 اگست 2021 00:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل این جی مہنگی قیمت پر خریدنے کے معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی کی مہنگی قیمت پر خریداری نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ،شفافیت کے دعویداران حکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا مہنگا معاہدہ بہت بڑا سکینڈل ہے ،قوم یہ سوال اٹھانے میں حق بجانب ہے کہ حکومتی خاندان کے مالیاتی سیکنڈل پر نیب کیوں اپاہج بنا نظر آتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایل این جی کی مہنگی قیمت پر خریداری نے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں ایل این جی کی موجودہ خریداری تاریخ کی سب سے مہنگی خریداری کا معاہدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کے دعویداران کے دور حکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا مہنگا معاہدہ ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت کو مہنگا میگا سیکنڈلز دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کا دور حکومت روز بروز بڑھتے میگا سیکنڈلز پر عمران خان مہنگا میگا سیکنڈلز دور حکومت بن گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگا معاہدہ ایل این جی کہ تہہ تک پہنچنے کیلئے پتہ لگایا جائے کی ایل این جی کی مہنگی خریداری کا مالی فائدہ کس نے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم یہ سوال اٹھانے میں حق بجانب ہے کہ حکومتی اور سرکاری پارٹی عہدیداران ،حکومتی خاندان کے مالیاتی سیکنڈل پر نیب کیوں اپاہج بنا نظر آتا ہے ۔ نیئر بخاری نے مطالبہ کیا کہ نیب فوری طور پر ایل این جی خریداری معاملہ کی فوری تحقیقات کرکے اختیارات کے یکساں استعمال کو یقینی بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی معاہدہ کی تمام تفصیلات سامنے لائی جائیں مہنگے ترین ایل این جی معاہدے نے تحریک انصاف کی شفافیت کے دعووں کا پول کھول دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ملک کی بہت بڑی ابادی کے گھریلو استعمال میں آتی ہے ایل این جی کی مہنگی قیمت پر خریداری کا اثر بھی براہ راست غریب طبقے پر ہی پڑے گا۔