تونسی قیادت کی موجودہ بحران سے نکلنے کی صلاحیت پر یقین ہے، سعودی عرب

عالمی برادی تونس کے ساتھ کھڑے ہو کر اسے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرے،سعودی کابینہ

بدھ 4 اگست 2021 14:58

تونس سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) سعودی عرب کی کابینہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مملکت ہر اس فیصلے اور اقدام کی حمایت کرے گی جو تونس کی سلامتی اور استحکام کا ذریعہ ثابت ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے کہا کہ اسے تونس کی قیادت کی موجودہ حالات پر قابو پانے کی صلاحیت پر اعتماد ہے۔سعودی کابینہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تونس کے ساتھ کھڑے ہو کر اسے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرے۔

(جاری ہے)

تونس کے مسئلے پر تونسی جنرل لیبر یونین کے ترجمان سامی طاہری نے منگل کے روز صدر قیس سعید کے گذشتہ ماہ اعلان کردہ غیر معمولی فیصلوں کی حمایت کا اعلان کیا۔لیبر یونین کے ترجمان نے کہا کہ بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ پارلیمنٹ کی بحالی کا کوئی راستہ نہیں ہے۔الطاہری نے موجودہ بحران سے نکلنے کے لیے نئی حکومت کا جلد اعلان کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جلد از جلد حکومت بنانا یونین کا سب سے نمایاں مطالبہ ہے اور تونس حکومت بنانے کے لیے 30 دن انتظار نہیں کر سکتا۔