سعودی تاریخ میں پہلی بار لڑکیوں نے اپنا میوزک بینڈ بنا لیا

’سعودی کورل گرلز‘ کے نام سے فنکار لڑکیوں نے جدہ سیزن کے دوران پرفارمنس سے دھوم مچا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 09:51

سعودی تاریخ میں پہلی بار لڑکیوں نے اپنا میوزک بینڈ بنا لیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء) سعودی عرب میں آج سے چند سال پہلے تک موسیقی کی سرگرمیوں پر پابندی عائد تھی۔ خصوصاً خواتین کو گلوکاری اور میوزک کے دیگر شعبوں میں قدم رکھنے کی اجازت نہ تھی۔ تاہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دور میں سعودی عرب کو ایک اعتدال پسند ریاست بنانے کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔ جس کے تحت خواتین پر سے درجنوں پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں چند نوجوان لڑکیوں نے اپنا میوزیکل گروپ بنا لیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں نوجوان لڑکیوں کے ایک گروپ نے "کورل" موسیقی کے طریقوں میں مہارت حاصل کی ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں مشہور ترین گلوکاروں اور فن کاروں کے لیے نغموں میں پس منظر میں اپنی آواز کو پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

گروپ نے اپنا نام ’سعودی کورل گرلز‘ رکھا ہے۔

انہیں سنجیدگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے دو سال پورے ہو گئے ہیں۔
اس دوران گروپ کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے واسطے متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔گروپ کی نگراں رکن سمیہ الرفاعی نے بتایا کہ اس گروپ کا خیال 2017ء میں آیا تھا۔ اس وقت سعودی عرب میں محفلوں کے لیے کوئی خواتین کورل گروپ مختص نہ تھا۔ لہذا فنی میدان میں ضرورت کے تحت جولائی 2019ء میں اس خیال پر عمل درآمد کا فیصلہ ہوا۔

گروپ اس حوالے سے خوش قسمت رہا کہ اس کی پہلی شرکت جدہ سیزن کے دوران معروف فن کار راشد الماجد کی محفل موسیقی میں ہوئی۔ سمیہ کے مطابق "سعودی کورل گرلز" اپنے گروپ کے لیے ایک خصوصی نغمہ تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔سعودی عرب کا خواتین کا پہلا کورل گروپ مملکت میں متعدد ثقافتی پروگراموں اور سرگرمیوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ متعدد سعودی گلوکاروں نے گروپ کی صلاحیتوں اور کارکردگی و مہارت کی ستائش کی ہے۔