اوپن یونیورسٹی‘فیکلٹی ممبران و افسران کی دو روزہ پیشہ ورانہ تربیت اختتام پذیر

یونیورسٹی کی پہچان فیکلٹی کے معیار سے ہوتی ہے‘ ڈاکٹر ناصر محمود‘پروفیشنل ٹریننگ کا مقصد نئے بھرتی ہونے والے افسران اور فیکلٹی ممبرز کو یونیورسٹی کے ماضی اور مستقبل کے بارے میں آگاہ کرنا تھا‘ڈاکٹر محمود الحسن بٹ

جمعرات 5 اگست 2021 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) یونیورسٹی کی پہچان فیکلٹی کے معیارسے ہوتی ہے ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اساتذہ نے ہمیشہ گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور موجودہ انتظامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ کی پروفیشنل استعداد بڑھانے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے "اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نئے فیکلٹی ممبران اور افسران کی دو روزہ پروفیشنل ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کیا۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ اور افسران کو بتایا کہ طلبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اورانہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یونیورسٹی آنے والے طلبہ کی بات پوری توجہ سے سن کر اُن کے مسائل ہمیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کاکہا کہ یونیورسٹی سے طلبہ کا مطمئن واپس جانا یونیورسٹی کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنے گا اور طلبہ کی بات خوش اسلوبی اور توجہ سے سننے والا کلچر ادارے اور ہم سب کے مفاد میں ہوگا ۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کشادہ شخصیت کے مالک ہیں ، ادارے کے مفاد میں اُن کے پاس جب بھی کوئی کام لیکرگئے توجواب ملتا ہے کریں نا ، ابھی تک کیوں نہیں کیا ، کیا رکاوٹ ہے۔ڈاکٹر ناصر محمود نے نئے فیکلٹی ممبران و افسران سے خطاب میں کہا کہ ہماری یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران و افسران میںمنفی سوچ رکھنے والا ایک بھی نہیں ہے سب ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور امید ہے کہ آپ لوگ بھی ہمیشہ مثبت رہیں گے اور یونیورسٹی کی امیج بلڈنگ کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے پروفیشنل ٹریننگ کے انعقاد میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز سمیت سپورٹ فراہم کرنے والے تمام شعبہ جات کا شکریہ ادا کیا۔ نئے فیکلٹی ممبران و افسران کو تربیتی ورکشاپ کے دوسرے دن کنٹرولر امتحانات ، ملک توقیر احمد خان ، ڈائریکٹر شعبہ داخلہ ، سید ضیاء الحسنین ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ، رانا طارق جاوید اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس ، ڈاکٹر زاہد مجیدنے اپنے اپنے شعبہ جات کی خدمات اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن بٹ نے کہا کہ اس پروفیشنل ٹریننگ کا انعقاد یونیورسٹی کے تمام پرنسپل آفیسرز کی باہمی مشاورت سے کیا گیا تھا اوراِس پروفیشنل ٹریننگ کا مقصد نئے بھرتی ہونے والے افسران اور فیکلٹی ممبرز کو یونیورسٹی کے ماضی اور مستقبل کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ڈاکٹر محمود الحسن بٹ نے کہا کہ اِن دو دنوں میں بھرتی ہونے والے نئے فیکلٹی ممبران اور افسران کو یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کے بارے میں واقفیت ملی۔اختتامی تقریب سے یونیورسٹی کے رجسٹرار ، عمر یونس اور شعبہ "فاصلاتی ، غیر رسمی و جاریہ تعلیم"کے چئیرمین ، ڈاکٹر اجمل نے بھی خطاب کیا۔