کراچی،اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور آپریشن پولیس کی کارروائیاں ، 26 ملزمان گرفتار

ہفتہ 7 اگست 2021 00:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2021ء) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور آپریشن پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلہ ودیگر کارروائیاں کرتے ہوئے دو زخمی ملزمان، آئس ڈیلر، نجی کوریئر کمپنی کے دو ملازمین، منشیات فروش اور اسٹریٹ کرمنلز سمیت 26 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ، منشیات، مسروقہ موبائل ودیگر سامان برآمد کرلیا۔

ایئرپورٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل فونز چوری میں ملوث نجی کوریئر کمپنی کے دو ملازمین سید افروز احمد اور ارشد کو گرفتار کرکے قبضے سے 19 آئی فونز برآمد کرلئے، پولیس کے مطابق برآمد کئے گئے موبائل فونز کی مالیت 8 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، جبکہ مسروقہ موبائل چوری کا مقدمہ مالک کی جانب سے ایئرپورٹ تھانے مین درج تھا، دونوں ملزمان نجی کوریئر کمپنی کے ملازم ہیں۔

(جاری ہے)

سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان صدام حسین بروہی اور شعبان عرف صوبن کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ رقم ودیگر سامان برآمد کرلیا۔ گذری پولیس نے دو ملزمان محمد شفیق اور اعجاز اشفاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ عوامی کالونی پولیس نے تین ملزمان عاصم، عمران اور بلال کو گرفتار کرکے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور گٹکا برآمد کرلیا۔

فیدرل بی صنعتی ایریا پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان عامر حسین عرف عمران، رانا اجمل اور خرم شہزاد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ کلری اور کلاکوٹ پولیس نے چار ملزمان بلال، شاہ ذیب، امین فہیم اور حسنین کو گرفتار کرکے اسلحہ، چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ قائد آباد پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان عبدالمطلب، عمر علی، محمد یعقوب، راج ولی، غفور، قیصر، اور فرہاد کو گرفتار کرکے اسلحہ، چار کلو سے زائد چرس اور کچی شراب برآمد کرلی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے دو منشیات ڈیلرز محمد ابراہیم اور عبدالغفور خان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔