چینی عہدیدارکا بش کے 20سال قبل طالبان کے خاتمے کے دعوے پر طنز

امریکا کے طویل عرصے تک دنیا کا اخلاقی جج رہنے کے بعد اسے معلوم ہونا چاہیے وہ ہر چیز کا مالک نہیں، چینی وزارت خارجہ

بدھ 18 اگست 2021 17:11

چینی عہدیدارکا بش کے 20سال قبل طالبان کے خاتمے کے دعوے پر طنز
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2021ء) ایک سینئر چینی عہدیدار نے سابق امریکی صدر جارج بش کی 20 سال قبل طالبان کے خاتمے کا اعلان پر مبنی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بش کے اس دعوے کا مذاق اڑایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژا نے سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کا ایک ویڈیو کلپ جاری کیا جس میں 20 سال قبل انہیں طالبان تحریک کے خاتمے کا اعلان کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بش کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر کہا کہ امریکا کے طویل عرصے تک دنیا کا اخلاقی جج رہنے کے بعد اسے معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ہر چیز کا مالک نہیں ہے۔ افغان عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے۔

(جاری ہے)

بش نے ویڈیو میں کہا تھا کہ ہماری فوج ، ہمارے اتحادیوں اور بہادر افغان جنگجوں کی کوششوں کے ذریعے طالبان کی حکمرانی ختم ہو گئی ہے، لیکن افغان عوام کے حوالے سے ہماری ذمہ داریاں ابھی ختم نہیں ہوئیں ہیں۔

ہم اس ملک میں ایک نئے دور کی داغ بیل ڈال رہے ہیں جس انسانی حقوق اور انسانی وقار کا دور دورہ ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں افغانستان میں ہونے والے واقعات کی پیش رفت پر بش نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ طالبان کی جانب سے امریکی حمایت یافتہ حکومت کو کابل سے بے دخل کرنے پر سابق صدر جارج بش نے افسوس کا اظہار کیا۔