اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز میں مسافر خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں

کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے تاشقند ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی،طیارہ تاحال دوبارہ اڑان نہ بھر سکا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 ستمبر 2021 16:49

اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز میں مسافر خاتون دل کا دورہ پڑنے سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) : اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز میں مسافر خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز میں مسافر خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے تاشقند ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔طیارہ تاشقند ائیرپورٹ پر موجود ہے اور جلدی برطانیہ روانہ کر دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز بی اے 260 اسلام آباد سے گذشتہ رات لندن کے لیے روانی ہوئی تھی لیکن مسافر تاحال اپنی منظر مقصود پر نہیں پہنچ سکے۔ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں کو مسلسل 9 گھنٹےتک جہاز کے اندر بٹھائے رکھا گیا۔طیارے میں سوار بوڑھے،بچوں اور خواتین کی حالت بھی خراب ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

مسافروں کا موقف ہے کہ طیارہ کب لندن کے لیے روانہ ہو گا کچھ نہیں بتایا جا رہا۔

واضح رہے کہ برطانیہ نے حال ہی میں پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال کر ایمبر لسٹ میں شامل کیا۔ ایمبر لسٹ میں موجود پاکستان سے جانے والے مسافروں کو 10 روز تک گھر میں قرنطینہ کرنا ہو گا۔ یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے پاکستان کا نام خارج کر دیا تھا۔ پاکستان سمیت کل 8 ممالک کا نام ریڈ لسٹ سے خارج کیا گیا ۔ پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، کینیا، عمان اور بنگلہ دیش کو بھی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا۔

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ۔ کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ گذشتہ 5 ماہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کیلئے بہت مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سے ہی عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ نے سفری پابنديوں کی درجہ بندی بھی کردی جبکہ نئے فيصلوں کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔ پاکستان کے برطانیہ کی سفری ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد وفاقی وزرا نے بھی خیر مقدم کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو امید تھی کہ اسے برطانوی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے گذشتہ ماہ ہی نکال دیا جائے گا، تاہم 26 اگست کو کیے گئے اعلان میں پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھا گیا تھا۔ برطانوی حکومت نے رواں سال 9 اپریل سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا تھا۔