واضح سیاسی پروگرام پراتفاق رائے کے بغیر انتخابات کا ڈھونگ قبول نہیں، اسلامی جہاد

قابض ریاست کے قبضے میں انتخابات کا انعقاد قومی پروگرام کی تشکیل نو سے فرار کی کوشش تصور کی جائیگی، بیان

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:09

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) اسلامی جہاد نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ملک میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق سامنے آنیوالی تجویز مسترد کردی ہے۔ اسلامی جہاد نے کہا کہ سیاسی پروگرام پر اتفاق رائے کے بغیر انتخابات کا ڈھونگ قبول نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلامی جہاد نے کہا کہ فلسطینی قوم کو ایک ایسے واضح سیاسی پروگرام پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے جس میں قابض ریاست کا مقابلہ کرنے کیعزم کے ساتھ فلسطینی قوم، ارض فلسطین اور مقدسات میں اسرائیلی دراندازی روکنے کا واضح پروگرام دیا جائے۔

اسلامی جہادنے کہا کہ قابض ریاست کے قبضے میں انتخابات کا انعقاد قومی پروگرام کی تشکیل نو سے فرار کی کوشش تصور کی جائیگی۔ اس وقت فلسطینی قوم کیلئے سب سے اہم بات دشمن کے خلاف تمام محاذوں پر مزاحمت ہے اور فلسطین میں کسی بھی درجے کے انتخابات کیلئے مزاحمت کو بنیادی اصول تسلیم کیا جانا چاہیے۔اسلامی جہاد نے کہا کہ فلسطین میں انتخابی دنگل قوم کے دیرینہ مقاصد اور اہداف حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بن سکتا چاہے ان انتخابات کی اہمیت کو بڑھا چڑھا کر کیوں پیش نہ کیا جائے۔