جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے 8 افغان شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ،کنڑ میں دھماکے سے 3بچے جاں بحق ہوگئے

جمعہ 24 ستمبر 2021 18:12

جلال آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ ننگرہار کے صدرمقام جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے (8) افغان شہریوں کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا جبکہ صوبہ کنڑ میں بارودی مواد کے دھماکے میں 3بچے جاں بحق اور3 دیگر زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق دو مختلف و اقعات گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جلا ل آباد شہر کے کئی اضلاع میں پیش آئے جہاں گزشتہ شب ایک واقعہ میں پانچ نامعلوم شہریوں کی لاشیں ملی تھیں جن کے ہاتھ پیچھے سے باندھے ہوئے تھے اور انہیں گولیاں مارکربے دردی سے قتل کیا گیاتھا۔

ان افراد کی لاشیںعلاقائی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ اسی طرح جمعہ کی صبح جلال آباد شہر کے چھٹے ضلع کے فارم ہڈ ی کے علاقے سے مزید تین نامعلوم افراد کی لاشیں ملی جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

طالبان نے اب لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا۔ افغان میڈیا کے مطابق ان واقعات پر صوبائی حکام نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں واقعات میں قتل کئے گئے افراد کی فوری طورپر شناخت نہیں ہوسکی۔دریں اثناء افغان میڈیا نے مقامی افراد کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ افغان صوبہ کنڑ کے ضلع شلتن میں یہ واقعہ جمعہ کی صبح اٴْس وقت پیش آیا جن دریا کے کنارے بچے کھیل رہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا جس کی زد میں آکر تین بچے موقع پر جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق وزخمی بچوں کو فوری طورپر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔