حماس کی پاپولر فرنٹ کی رہ نما کو اسرائیلی جیل سے رہائی پر مبارک باد

جرار فلسطین کی خواتین میں سے ایک ہیں جنہوں نے فلسطینی کاز کے دفاع میں اپنی جانیں اور اپنی آزادی قربان کی،بیان

منگل 28 ستمبر 2021 16:03

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور ان کے نائب صالح العاروری نے پاپولر فرنٹ کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ خالدہ جرار کو فون کیا اور انہیں دو سال بعد قابض ریاست کی جیلوں میں رہائی پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ہنیہ اور العاروری نے خالدہ جرار پر زور دیا کہ خواتین قیدیوں کا مسئلہ حماس اور جماعت کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی پہلی ترجیح ہے اور ان کو آزاد کرانے کے لیے کام کرنا ایک فرض ہے جسے تحریک ترک نہیں کرے گی۔

دونوں رہ نمائوں نے خالدہ جرار کی ثابت قدمی اور عزم کی تعریف کی جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں صبر و استقامت کے ساتھ دشمن کی جیل کے اندر اور باہر مجاھدانہ بہادری کا مظاہرہ کیا۔ہنیہ اور العاروری نے نشاندہی کی کہ جرار فلسطین کی خواتین میں سے ایک ہیں جنہوں نے فلسطینی کاز کے دفاع میں اپنی جانیں اور اپنی آزادی قربان کی۔خیال رہے کہ خالدہ جرار دو سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹنے کے بعد گذشتہ روز رہا ہوئی تھیں۔ ان کا شمار فلسطینی پارپولرفرنٹ کے سرکردہ رہ نماوں میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :