5 برطانوی فٹبالرز کا کورونا ویکسین لگوانے سے انکار

ویکسین لگوانے سے انکار کرنیوالے کھلاڑیوں میں 3 ایسے فٹبالرز بھی شامل ہیں جو یورو کپ فائنل میں اٹلی کے مدمقابل تھے: برطانوی اخبار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 اکتوبر 2021 12:25

5 برطانوی فٹبالرز کا کورونا ویکسین لگوانے سے انکار
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اکتوبر 2021ء ) انگلینڈ کی فٹبال ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو بڑا جھٹکا لگ گیا، ٹیم کے 5 کھلاڑیوں نے کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا ہے، ویکسین لگوانے سے انکار کے بعد ان کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔ انگلینڈ فٹبال حکام نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی کورونا کی ویکسین نہیں لگوائے گا اس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

برطانوی اخبار کے مطابق ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے ان کھلاڑیوں میں 3 ایسے فٹبالرز بھی شامل ہیں جو یورو کپ کے فائنل میں انگلینڈ کی طرف سے اٹلی کے مدمقابل تھے۔ فٹبال ورلڈ کپ آئندہ سال قطر میں ہو گا جس کے لیے تیاری اور ٹیموں کے انتخاب پر ابھی سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ایسےمیں 5 فٹ بالرز کی طرف سے ویکسین لگوانے سے انکار کے بعد انگلش ٹیم کمزور پڑتی نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

دی سن کے مطابق انگلش ٹیم کے مینجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ ویکسین نہ لگوانے والے کھلاڑیوں کو ویکسینیشن کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری صورت میں ان پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ 2022ء کا فٹبال ورلڈ کپ 21 نومبر سے شروع ہوگا، قطر کی ٹیم افتتاحی میچ کھیلے گی جب کہ ایونٹ کا فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے سیمی فائنل 13 اور 14 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ قطر میں ورلڈ کپ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔