پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں 3 ماہ کی توسیع

فیفا نے 31 دسمبر تک توسیع کا لیٹر جاری کردیا،پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی

ہفتہ 2 اکتوبر 2021 13:36

پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں 3 ماہ کی توسیع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2021ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں 3 ماہ کی توسیع کردی گئی،فیفا نے 31 دسمبر تک توسیع کا لیٹر جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹ فٹبال کی عالمی باڈی کا کہنا ہے کہ عدالتی اور حکومتی محاذ پر خاطر خواہ کامیابی ہوئی ہے ،نارملائزیشن کمیٹی اپنا کام جاری رکھے، پی ایف ایف ہائوس پر قبضے کی وجہ سے پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان میں فٹبال بحران کے خاتمے کیلئے فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی تشکیل دی تھی،فیڈریشن کے دفتر پر قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کئے جانے پر پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی ۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا ہے کہ فیفا کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ، منصفانہ انتخابات ہی مسئلے کا واحد اور پائیدار حل ہیں،آئینی انتخابات کا واضح روڈ میپ حکومت کے حوالے کر چکے ہیں، فیفا ہائوس عالمی باڈی کی نامزد کمیٹی کو واپس کیا جائے، وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مسائل کے حل میں سنجیدہ کردار ادا کر رہی ہیں،وزیر اعظم سے معاملات کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں، ملک کو عالمی سطج پر تنہائی و بدنامی سے بچایا جائے۔