سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن کا فیصلہ معاشی اہداف میں سنگ میل ثابت ہو گا‘ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن

ان لینڈ کمشنرکے بینک اکائونٹس منجمدکرنے کے اختیارات کی بحالی سے خوف و ہراس پھیلے گا‘چیئرمین عامرقدیر

بدھ 13 اکتوبر 2021 13:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) چیئرمین ریونیو ایڈوازر ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے جس سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہو گا بلکہ ملکی معیشت سمیت ٹیکس اہداف کے حصول میںبھی بہتری آئے گی،ایف بی ر کو بہت پہلے یہ قدم اٹھالینا چاہیے تھا،ان لینڈ کمشنرکے بینک اکا ئونٹس منجمد کرنے کے اختیارات کی بحالی سے خوف وہراس پھیلے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکس بارکے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرلاہور بارایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ایچ ارشاہین،سابق جنرل سیکرٹری چودھری محمدندیم ، بابرنیاز،مغیث ملک،سمر تارڑ،الطاف حسین،عزیزبٹ،محمداعظم ،شہباز شیرازی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عامر قدیر نے کہاکہ ایف بی آرٹیکس بارز اورچیمبرز کا دیرینہ مطالبہ رواں ماہ پورا کرنے جارہا ہے جس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کیا جا چکاہے کہ مشاورت کے عمل کو فروغ دیا جائے،خوف و ہراس بننے والی پالیسیاںترک کر کے اعتماد بحال کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ کسی کمپنی کا بینک اکائونٹ منجمدکرنے سے چوبیس گھنٹے قبل آگاہ کرنے اورچیئرمین ایف بی آر سے اجازت لینے کا فیصلہ واپس لینے سے خوف و ہراس پھیلے گااس لئے اس حوالے سے جاری کیا گیا مراسلہ فی الفور واپس لیا جائے ۔