اسرائیل میں موجود امریکی فورسز کی امریکی مرکزی کمان میں شمولیت کا انکشاف

ایران کے بڑھتے خطرے بالخصوص اس کے میزائل پروگرام سے نمٹنے کے سلسلے میں یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مبصرین

بدھ 13 اکتوبر 2021 16:24

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) خطے میں ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا اسرائیل تعاون کی تفصیلات کا انکشاف ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ ماہ ستمبر میں امریکا کی جانب سے ایک مختصر بیان میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی میں موجود امریکی فورسز مشرق وسطی میں امریکی مرکزی کمان میں شامل ہو گئی ہیں۔ مبصرین کے نزدیک ایران کے بڑھتے ہوئے خطرے بالخصوص اس کے میزائل پروگرام سے نمٹنے کے سلسلے میں یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ایک امریکی عسکری ذمے دار کے مطابق یہ مشرق وسطی میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ اس سے قبل اسرائیل میں موجود ان فورسز کا امریکی مرکزی کمان میں شامل ہونا نا ممکنات میں سے تھا۔اس شمولیت کے حوالے سے تکنیکی تفصیلات کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں مکڈیل بیرک ، امریکیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان عسکری معلومات کی رابطہ کاری کا مرکز بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ امر اس زاویے سے بہت اہمیت رکھتا ہے کہ اب امریکیوں کو ایران یا اس کی ملیشیاں کی جانب سے بھیجے گئے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے حوالے سے خبردار کرنے والے نیٹ ورکس کو منظم کرنے پر زیادہ قدرت حاصل ہو جائے گی۔علاوہ ازیں اب امریکا خطے میں اپنے دفاعی سسٹم کی تعداد کم کر کے خطے کے ممالک کے اپنے سسٹمز پر زیادہ انحصار کر سکتا ہے۔ ان میں اسرائیلی دفاعی نظام شامل ہے۔