پشاور میں کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری ، کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور کورونا ویکسینشن سرٹیفیکیٹ چیکنگ

جمعرات 21 اکتوبر 2021 17:16

پشاور میں کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری ، کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے احکامات ، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر صوبائی دارلحکومت پشاور میں کورونا ویکسینیشن کا عمل، کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور کورونا ویکسینشن سرٹیفیکیٹ چیکنگ کا عمل زور اور شور سے جاری ہے اور خلاف ورزی پر پشاور بھر میں بیشتر کاروباری مراکز اور تعلیمی اداروں کو سیل کرتے ہوئے بیشتر افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے انتظامی افسران نے لاہور اڈہ، جنرل بس سٹینڈ، کوہاٹ اڈہ، بی آر ٹی سٹیشنوں و بسوں سمیت پشاور بھر میں کاروباری مراکز اور تعلیمی اداروں سمیت بازاروں اور محکمہ صحت کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کورونا ویکسینیشن کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا اور کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی چیکنگ کی۔

(جاری ہے)

کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی /  بغیر کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ کے سروس دینے پر یونیورسٹی روڈ پر کھادی سٹور، سلور ڈریگن ریسٹورنٹ اور راحت بیکری کو سیل کرتے ہوئے منیجر کو گرفتار کر لیا گیااور زریاب کالونی میں یونیورسٹی آف سپوکن انگلش اور یو آر ایس کوچنگ اکیڈمی کو خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔انتظامی افسران نے شعبہ بازار میں عوامی مارکیٹ اور جاپان پلازہ سمیت دیگر پلازوں میں کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کا معائنہ کرتے ہوئے بیشتر افراد کو موقع پر نوٹس جاری کیے۔

انتظامی افسران نے مختلف علاقوں میں بی ایچ یوز اور دیگر محکمہ صحت کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کورونا ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔