اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں اپنی سیاسی بقا کیلئے سڑکوں پر اچھل کود کے پروگرام ترتیب دے رہی ہے، میاں غوث محمد

ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں نے معیشت کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا جس کاخمیازہ آج بھگتنا پڑرہا ہے،مرکزی رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 16:13

خان پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میا ں غوث محمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن مہنگائی کی آڑ میں اپنی سیاسی بقا کیلئے سڑکوں پر اچھل کود کے پروگرام ترتیب دے رہی ہے، عوام با شعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں نے معیشت کے ساتھ کیا کھلواڑ کیا جس کاخمیازہ آج بھگتنا پڑرہا ہے،پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ عالمی رجحان ہے لیکن حکومت عوام کو اس کے اثرات سے بچانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اوراب قیمتیں بتدریج نیچے آئیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پٹرولیم سمیت دیگر اشیا درآمدکرتا ہے جو بالواسطہ مہنگائی میں اضافے کا سبب ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت نے اب تک عوام کو ہر ممکن حد تک عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچایا ہوا ہے، حکومت نے آنے والے دنوں میں اہل گھرانوں تک ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی مزید امدادی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کامنصوبہ بنایا ہے۔