ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، آصف علی اور شعیب ملک نے پاکستان کو کامیابی دلا دی

مڈل آرڈر بلے باز کی شاندار اننگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 اکتوبر 2021 22:27

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، آصف علی اور شعیب ملک نے پاکستان کو کامیابی دلا دی
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اکتوبر 2021ء ) ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کر لی۔ شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر شاندار پہلا اوور کرتے ہوئے کوئی رن نہ دیا تاہم اس کے بعد اوپنرز ڈیرل مچل اور مارٹن گپٹل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

چھٹے اوور میں کپتان بابراعظم فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو باؤلنگ پر لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر گپٹل کو بولڈ کردیا جنہوں نے 17 رنز بنائے۔ نویں اوور کی پہلی گیند پر مچل نے عماد کو چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، مچل نے 27 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ نے جیمز نیشم کو ترقی دی لیکن محمد حفیط نے انہیں چلتا کردیا۔

حسن کی ڈیریکٹ تھرو پر 25 رنز بنانے والے کیوی کپتان ولیمسن رن آؤٹ ہو گئے۔ شاداب کے ایک اوور میں ڈیون کونوے نے تین چوکے لگا کر سکور کو 90 تک پہنچایا لیکن اگلے اوور کی پہلی گیند پر حسن کی ڈیریکٹ تھرو پر 25 رنز بنانے والے کیوی کپتان ولیمسن رن آؤٹ ہو گئے۔ حارث رؤف کو چھکا لگانے کی کوشش میں 27 رنز بنانے والے ڈیون کونوے باؤنڈری پر بابر کو کیچ دے بیٹھے۔

حارث رؤف نے ایک گیند بعد گلین فلپس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ٹم سیفرٹ نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر ان کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر بھی وکٹ حاصل کی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 134 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ حسن علی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور ٹیم نے پانچ اوورز میں 28 رنز بنائے۔ چھٹے اوور کی پہلی گیند پر ٹم ساؤدھی کی گیند پربابراعظم کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 9رنز بنائے۔ فخر زمان نے اش سوڈھی کو چھکا لگایا لیکن پھر انہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے ۔ محمد حفیظ کی اننگز 11 رنز پر ڈیون کونوے نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر ختم کی۔

اش سودھی کی گیند پر رضوان بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے ،انہوں نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ عماد وسیم بھی پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد ساؤدھی کی وکٹ بن گئے۔ اس وقت میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا محسوس ہونے لگا کیونکہ پاکستان کو 31 گیندوں پر فتح کے لیے 48 رنز درکار تھے لیکن شعیب ملک اور آصف علی نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

آصف علی نے ٹم ساؤتھی کو لگاتار دو چھکے لگائے جبکہ شعیب ملک نے سینٹنر کی جانب سے کرائے گئے 18ویں اوور میں 15 رنز بٹورے۔ آصف علی نے بولٹ کو بھی شاندار چھکا جڑ کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کردی اور قومی ٹیم نے 8 گیندیں قبل ہی میچ میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ آصف علی نے 12 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

حارث رؤف کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون میدان میں اتاری ہے۔ میچ سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرار تھے لیکن وہ میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم نیوزی لینڈ کو میچ سے قبل بڑادھچکا لگا ہے اور فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، فخرزمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان شامل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی پر مشتمل ہے۔