مسجد الحرام ؛ سینیٹائزنگ کیلئے مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والی منفرد نوعیت کی پہلی مشین متعارف

مشین چار گھنٹے تک مسلسل کام کر سکتی ہے ، جس میں پانی کی گنجائش 6 لٹر سے زیادہ کی ہے ، یہ فی گھنٹہ دو ہزار مربع میٹر سے زیادہ جگہ کی صفائی اور سینیٹائزنگ کے لیے موثر ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:59

مسجد الحرام ؛ سینیٹائزنگ کیلئے مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والی منفرد ..
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) مسجد الحرام کی سینیٹائزنگ کے لیے مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والی پہلی مشین نے کام شروع کردیا ، حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مشین کا افتتاح کیا۔ عرب میڈیا کے مطابق مشین چار گھنٹے تک مسلسل کام کر سکتی ہے ، جس میں پانی کی گنجائش 6 لٹر سے زیادہ کی ہے ، یہ فی گھنٹہ دو ہزار مربع میٹر سے زیادہ جگہ کی صفائی اور سینیٹائزنگ کے لیے موثر ہے ، مشین کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ یہ مشین جدید ترین عالمی سٹینڈرڈ والی ہے جو کہ تازہ ترین سائنسی و ٹیکنالوجی مطالعات کا ثمر ہے ، قیادت کے شکر گزار ہیں کہ جس نے مسجد الحرام کی سینیٹائزنگ اور صفائی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراسہ مشین کی فراہمی میں ہمارے ساتھ تعاون کیا کیوں کہ ہمارا اولیں ہدف یہ ہے کہ مقدس مسجد کی صفائی ، سینیٹائزنگ اور اس کے فرش کو خشک رکھنے کے سلسلے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ، آج ہم نے سینیٹائزنگ کی جس مشین کا افتتاح کیا ہے وہ مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والی اپنی نوعیت کی پہلی مشین ہے جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے ، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یہ کام احسن طریقے سے انجام دیا گیا- دوسری طرف مملکت میں عالمی وباء کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد سعودی حکام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 20 ماہ بعد تھرمل کیمرے ہٹادیئے ہیں ، سعودی حکام کی جانب سے مکمل گنجائش کے تحت زائرین اور نمازیوں کو آنے کی اجازت دینے کے بعد کیمروں کو ہٹایا گیا ہے ، جب کہ ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت پر کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

سماجی فاصلے کی شرط ختم ہونے کے بعد پہلی نماز جمعہ کے موقع پر مسجد الحرام کے مزید 50 دروازے کھول دیے گئے ، نماز جمعہ کے لیے آنے والوں کی سہولت کی خاطر 50 ہزار سے زائد آب زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ، اس موقع پر معمر اور معذور افراد کے لیے 5 ہزار الیکٹریکل اور سادہ وہیل چیئرز کا بھی بندوبست کیا گیا۔