پاکستان تحریک انصاف نے اب تک عوام کو کچھ نہیں دیا

حکومتی جماعت کے رہنما خاوند بخش اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 نومبر 2021 17:03

پاکستان تحریک انصاف نے اب تک عوام کو کچھ نہیں دیا
کوٹری (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 نومبر 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کارکردگی نہ دکھانے پر اپنی ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹری میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک مقامی رہنما خاوند بخش نے اپنی ہی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ خاوند بخش نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تاحال عوام کو کچھ بھی نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ اب تو خان صاحب سے ملنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ہم خان صاحب کو بس ٹی وی پر ہی دیکھ لیتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما خاوند بخش نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی آنکھیں نہ کھولیں تو آئندہ الیکشن میں ہمیں بہت مشکل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک کسی کو ہینڈ پمپ یا سلائی مشین تک نہیں دی۔

(جاری ہے)

اگر خوشامد ہی کرنی ہے تو میں بھی کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان ہمارا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پاکستان تحریک انصاف کے ووٹرز کو بھی مایوس کر رکھا ہے ، اور اب تو ملکی حالات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے اپنے رہنما بھی حکومت پر برس رہے ہیں اور اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ حکومت نے اب تک عوام کو کچھ نہیں دیا، حکومت عوام کے لیے کچھ بھی کرنے یا ریلیف فراہم کرنے سے یکسر قاصر رہی ہے۔ ایسے میں آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے لیے بہت مشکل ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے بھی ملک میں جاری چینی بحران کا ذمہ دار اپنی ہی حکومت کو قرار دیا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ملک میں ہر سطح پر مافیاز ہیں لیکن چینی بحران کے ذمہ دار ہم ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہر سطح پر مافیاز ہیں لیکن چینی بحران کے ذمہ دار ہم ہیں، ہماری حکومت کے لیے صرف مہنگائی چیلنج ہے۔