آمدنی کتنی ہے، شادی کب کر رہے ہیں؟ بابراعظم کے دلچسپ جوابات

آمدنی مداحوں کی سوچ سے کم، شادی کب ہوگی ’’اے تو مینوں بی نئیں پتہ‘‘: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 21 نومبر 2021 17:46

آمدنی کتنی ہے، شادی کب کر رہے ہیں؟ بابراعظم کے دلچسپ جوابات
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 نومبر 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے مداحوں کی جانب سے گوگل پر سب سے زیادہ پوچھے گئے سوالوں کے دلچسپ جوابات دیکر مداحوں کو محظوظ کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ گوگل پر اپنے بارے میں سرچ کیے گئے سب سے زیادہ سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔

پہلے سوال کے جواب میں بابراعظم نے بتایا کہ میں لاہور میں رہتا ہوں جو اپنے مزیدار کھانوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ دوسرے سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میں گرے نکلولس بیٹ استعمال کرتا ہوں، عمومی طور پر اپنے ساتھ 6 سے 7 بیٹ لیکر جاتا ہوں، بیٹ کا وزن 2.8 سے 2.9 پاؤنڈ کے درمیان ہوتا ہے اور جس ملک میں میچ کھیلا جا رہا ہے اس کی کنڈیشن کے اعتبار سے بیٹ استعمال کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

تیسرا سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا سوال ان کی آمدنی سے متعلق تھا جس سے کپتان بابراعظم نے بڑی ہوشیاری سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو میں بتاؤں گا نہیں البتہ یہ آپ کی سوچ سے کم ہے۔ شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابراعظم نے پنجابی لہجے میں جواب دیا کہ ’’اے تو مینوں بی نئیں پتہ‘‘، یہ گھر والوں کو معلوم ہے اور ابھی فی الحال میری ساری توجہ کرکٹ پر ہے اور کرکٹ ہی انجوائے کرنے دیں۔ آخری سوال بابراعظم کے آئیڈیل سے متعلق تھا جس کے جواب میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شروع سے اے بی ڈی ویلیئرز کو پسند کرتا آیا ہوں اور ان کے انداز کو کاپی بھی کیا ہے۔