Live Updates

پاکستان بارکونسل کا مبینہ آڈیو معاملے پرتحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن بنانےکا مطالبہ

ٹروتھ کمیشن سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں بنایا جائے، کمیشن الزامات کی تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے۔ وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل خوشدل خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 نومبر 2021 18:35

پاکستان بارکونسل کا مبینہ آڈیو معاملے پرتحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2021ء) پاکستان بار کونسل نے جج رانا شمیم اور مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا، ٹروتھ کمیشن سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں بنایا جائے، کمیشن الزامات کی تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین خوشدل خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

جس میں آڈیو لیکس معاملے کا جائزہ لیا گیا، پاکستان بار کونسل نے جج رانا شمیم اور مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان بار کونسل نے کہا کہ غیرمتناع سابق چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔ کمیشن میں غیرمتنازع وکیل، صحافی اور سول سوسائٹی کا نمائندہ بھی شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

کمیشن رانا شمیم خط اور آڈیو لیکس معاملے کی تحقیقات کرے۔

کمیشن الزامات کی تحقیقات کرکے حقائق کو عوام کے سامنے لائے۔دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ویڈیو کے سارے کردار ہمارے سامنے ہیں، کیسز چلنے شروع ہوتے ہیں تو ججز کو دباؤ میں لانے کیلئے مہم چلائی جاتی ہے، ماضی میں کسی نے ایسی حرکتیں نہیں کیں، جو مریم نواز گروپ کررہا ہے، جعلی ویڈیوز کیلئے مریم نواز نے ٹیم بنا رکھی ہے، مریم نواز اپنی پارٹی کو بھی قابو کرنے کیلئے ویڈیوز بنوا رہی ہیں، مریم نواز کا رویہ منفی رہا ہے، سماء ٹی وی نے ویڈیو کا پورا کچا چٹھا کھول دیا ہے، ن لیگ کی جانب سے یہ ویڈیو جاری کرنا پہلا موقع نہیں، اس کا مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے، پہلے جرنیلوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی اب ججز کو دبا ؤ میں لانے کی کوشش کی گئی، امید ہے معاملہ منطقی انجام تک پہنچے گا، عدالت جو بھی ہدایت کرے گی اس پر عمل کریں گے۔

پورا ہفتہ سیمینارز کی سیریز چلائی گئی، اسلام آباد اور لاہور کے سیمینارز کے پیچھے فارن فنڈنگ تھی، شیریں مزاری نے وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ فنڈنگ کرنے والوں کیخلاف ویانا کنونشن کے تحت کاروائی کی جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات