پاکستانی نژاد نوجوان نے ایک بورڈ پر اپنی تعلیم اور سی وی کے کیو آر کوڈ چسپاں کرکے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر کھڑا ہوگیا، نوکری مل گئی

جمعہ 26 نومبر 2021 17:45

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) برطانیہ میں وبا کے دوران نوکری نہ ملنے سے پریشان پاکستانی نژاد نوجوان نے ایک بورڈ پر اپنی تعلیم اور سی وی کے کیو آر کوڈ چسپاں کرکے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر کھڑا ہوگیا اور تین گھنٹے میں ہی انٹرویو کال آگئی ، ایک ہفتے میں اچھی نوکری بھی مل گئی۔عالمی میڈیا کے مطابق وبا کے دوران برطانیہ میں ملازمتوں کا حصول مشکل ہوگیا ہے اور ایسی ہی صورت حال کا سامنا پاکستانی نڑاد برطانوی نوجوان حیدر ملک کو بھی تھا تاہم 24 سالہ نوجوان نے اس کا دلچسپ حل نکال لیا۔

اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان حیدر ملک نے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر ایک اسٹینڈ رکھا جس پراپنی تعلیمی معلومات چسپاں کرکے کھڑا ہوگیا جس میں اس کی سی وی اور سوشل میڈیا ایپ لنکڈ ان کا کیو آر کوڈ بھی تھا۔

(جاری ہے)

حیدر ملک کے مطابق پہلے دس منت تو میں اجنبیوں کی طرح کھڑا رہا اور یہی سوچتا رہا کہ شاید یہ میرا قدم غلط ثابت ہوا ہے اور مجھے شرمندگی کا سامان کرنا پڑے گا تاہم میں نے یہ خیال جھٹک دیا اور آتے جاتے لوگوں سے علیک سلیک کرنے لگا۔

نوجوان کے مطابق اس طرح چند لوگوں نے مجھ سے گفتگو کی اور اپنے موبائل نمبرز اور وزٹنگ کارڈ بھی دیئے جس سے مجھے کچھ حوصلہ ملا۔ میرے بیگ میں سی ویز بھری ہوئی تھی اور میں اچھے موقع کی تلاش میں تھا۔حیدر ملک کے مطابق صرف تین گھنٹے بعد میرا موبائل فون بجنا شروع ہوا اور لگاتار انٹرویو کال آتی رہیں میں اگلے تین روز تک مختلف جگہوں پر انٹرویو بھی دیتا رہا اور ایک ہفتے میں میری ایک اچھی جگہ ملازمت بھی ہوگئی۔پاکستانی نژاد نوجوان نے بتایا کہ پہلے تین دن تک میرا فون نان اسٹاپ بجتا رہا اور اتنی آفرز ہوئیں کہ میں پاگل ہوگیا کہ کس کو جواب دوں اور کس کو نہ دوں۔ یہاں تک میرے اہل خانہ کو سب کو فرداً فرداً جواب دینے کے لیے میری مدد کرنا پڑی۔