سیالکوٹ واقعے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل بھی سامنے آگیا

جس نے ایک انسان کا قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا : سابق کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 دسمبر 2021 12:11

سیالکوٹ واقعے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل بھی سامنے آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر ردعمل سامنے آگیا۔ 41 سالہ شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قرآن مجید کی سورة المآئدہ کی آیت نمبر 32 کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ’ جس نے ایک انسان کا قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا‘۔

۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔ انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایک مرکزی ملزم فرحان ادریس کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید 100 افراد زیر حراست ہیں۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہونے پر وزرات داخلہ پنجاب نے سری لنکن سفارتخانے سے رابطہ کرلیا ہے، پریانتھا کمارا کی لاش آج خصوصی پرواز سے اسلام آباد بھجوائی جائے گی جہاں سے سری لنکن سفارت خانے کے اہلکار لاش کو سری لنکا لے کر جائیں گے۔