سکھرمیں بھی یوم سندھ ثقافت جوش و خروش کیساتھ منایا گیا ، سماجی، سیاسی تنظیموں سمیت شہریوں کی جا نب سے ریلیوں کا انعقاد

سندھ کے نامور فنکاروں نے سندھی گیت پیش کئے ، سندھی اجرک اورٹوپی پہنے بچوں بڑوں کا سندھی گیتوں پر رقص ، جیئے سندھ جیئے سندھ وارا جیئیں کے نعرے آج کا دن عید سے کم نہیں ہے سندھ ثقافت کادن منانے کا مقصد دنیا کو سندھی ثقافت سے روشناس کرانا ہے، شرکاء ریلی

اتوار 5 دسمبر 2021 20:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) سکھرمیں بھی یوم سندھ ثقافت جوش و خروش کیساتھ منایا گیا ، سماجی، سیاسی تنظیموں سمیت شہریوں کی جا نب سے ریلیوں کا انعقاد ، پریس کلب کے سامنے نجی ٹی وی کے زیر اہتمام مرکزی تقریب منعقد ہوئی ،سندھ کے نامور فنکاروں نے سندھی گیت پیش کئے ، سندھی اجرک اورٹوپی پہنے بچوں بڑوں کا سندھی گیتوں پر رقص ، جیئے سندھ جیئے سندھ وارا جیئیں کے نعرے ، ریلیوں کے شرکاء کا شہر کی سڑکوں کی پر رقص ، بچوں کو چہرے پر خوشی کے رنگ،سیکورٹی کے سخت انتظامات تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگرشہروں خصوصاً سندھ بھر کی طرح سکھر اضلاع میں بھی سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر یوم ثقافت نہایت جوش و خروش کیساتھ منایا گیا اس حوالے سے سکھر اور اسکے گرد نواح کی مختلف سیا سی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئی جو شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے نجی ٹی وی کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی تقریب میں شامل ہوئی ریلیوں کے شرکاء نے کندھوں پر سندھی اجرک اور سر پر سندھی ٹوپیاں پہن رکھی تھیں اور شرکاء ریلی سندھی گیتوں اور ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص کرتے ہوئے سندھ سے اپنی محبت کا اظہار کیا ، ریلیوں میں شریک چھوٹے بچوں اور بچیوں نے بھی سندھی لباس پہنے ٹوپی اجرک اوڑھے شرکت کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا،اس حوالے سے پاکستان غریب عوامی پارٹی ضلع سکھر و سجاگ سومرو برادری کے زیر اہتمام سندھ ثقافت دن کے حوالے سے ایوب گیٹ تا سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور سندھ سے اظہار محبت کیلئے نعرے لگائے گئے شرکاء ریلی نے سندھی ٹوپی و اجرک پہن رکھے تھے جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ریلی کی قیادت پاکستان غریب عوام پارٹی سکھر کے صدروقار علی سومرو، سجاگ سومرو برادری کے رہنما و دیگر کررہے تھے مختلف قومپرست تنظیموں سمیت سماجی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے رات دیر گئے تک ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری رہا ،سکھر پریس کلب کے سامنے منعقد مرکزی تقریب میں سندھ کے نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھی گیت پیش کئے جس پر فضاء جئے سندھ جئے سندھ وارا جئیں کے نعروں سے گونج اٹھی اس موقع پر شرکا ء ریلی کا کہنا تھا کہ آج کا دن عید سے کم نہیں ہے سندھ ثقافت کادن منانے کا مقصد دنیا کو سندھی ثقافت سے روشناس کرانا اور اپنی نوجوان نسل میں اس کے حوالے سے شعور اجا گر کرنا ہے کہ جو قومیں اپنی ثقافت کو بھول جا تی ہیں وہ زندہ نہیں رہتیں انہیں اپنی ثقافت کو نہیں بھولنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

جبکہ سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔