صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کم عمر پاکستانی ٹینس سٹار میکائیل علی بیگ کو خیر سگالی سفیر مقرر کردیا

نوجوان ٹینس سٹار نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے ملاقات کی، ٹینس کے فروغ اور ترقی کے بارے میں بات چیت

منگل 7 دسمبر 2021 19:34

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کم عمر پاکستانی ٹینس سٹار میکائیل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کم عمر پاکستانی ٹینس سٹار میکائیل علی بیگ کو خیر سگالی سفیر مقرر کردیا،نوجوان ٹینس سٹار میکائیل علی بیگ نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی سے ملاقات کی جس میں ٹینس کے فروغ اور ترقی کے بارے میں بات چیت کی گئی ،اس موقع پرصوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ میکائیل علی بیگ کو سپورٹس بورڈ پنجاب کا خیر سگالی سفیر مقرر کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،میکائیل علی بیگ پاکستان کے کم عمرٹینس سٹار ہیں، انہوںنے کم عمری میں ہی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں، 12سال کی عمر میںعالمی ٹائیٹلز جیت لئے ہیں،میکائیل علی بیگ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، پاکستان کوان پر فخر ہے،میکائیل علی بیگ نوجوان کھلاڑیوںکے لئے رول ماڈل ہیں،ٹینس کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں، ٹینس کی چیمپئن شپ بھی کرائی ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے میکائیل علی بیگ کو خیر سگالی سفیر کا سرٹیفکیٹ بھی دیا،میکائیل علی بیگ نے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا بھی دورہ کیا اور ٹینس بھی کھیلی۔

(جاری ہے)

میکائیل علی بیگ نے نومبر میں نورالسلطان قازقستان آئی ٹی ایف ایشیئن 12 انڈر ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، اردن، تھائی لینڈ، بھارت اور قازقستان کی ٹیموں کو شکست دی،ستمبر میںمیکائیل علی بیگ نے اسلام آباد آئی ٹی ایف انڈر ٹیم مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا اس مقابلے میں میکائیل علی بیگ نے بھارت کی ٹیم کو شکست دی تھی۔