وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،بلجین ہم منصب کی دعوت پر برسلز پہنچ گئے

منگل 7 دسمبر 2021 22:23

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،بلجین ہم منصب کی دعوت پر برسلز پہنچ ..
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،بلجین ہم منصب کی دعوت پر برسلز پہنچ گئے۔ برسلز انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ، بیلجیئم کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات کریں گے اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔

وزیر خارجہ برسلز میں منعقدہ پاکستان اور یورپی یونین کے چھٹے اسٹریٹیجک مذاکرات کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر عملدرآمد، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط کے بعد منعقد ہونے والا یہ پہلا بالمشافہ اجلاس ہے ۔

وزیر خارجہ برسلز میں واقع، نیٹو ہیڈکوارٹرز جائیں گے اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل چینز اسٹولٹن برگ سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ، بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے ممبران یورپی پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی