سرگودھا: خاتون محنت کش نے بھتہ مافیا سے تنگ آ کر خود کو آگ لگا لی

واقعہ علی پارک جٹ چوک میں لگنے والے منگل بازار میں پیش آیا، بھتہ خوروں نے مقررہ رقم نہ ملنے پر خاتون کا سٹال ختم کر دیا تھا، خاتون غریب کنبے کی واحد کفیل ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 7 دسمبر 2021 23:43

سرگودھا: خاتون محنت کش نے بھتہ مافیا سے تنگ آ کر خود کو آگ لگا لی
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2021ء) سرگودھا میں خاتون محنت کش نے بھتہ مافیا سے تنگ آ کر خود کو آگ لگا لی۔ واقعہ علی پارک جٹ چوک میں لگنے والے منگل بازار میں پیش آیا، بھتہ خوروں نے مقررہ رقم نہ ملنے پر خاتون کا سٹال ختم کر دیا تھا، خاتون غریب کنبے کی واحد کفیل ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا شہر میں محنت کش خاتون نے بھتہ خوروں کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کو آگ لگا لی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرگودھا شہر میں منگل بازار میں کاروبار کرنے والی خاتون تاجر نے بھتہ مافیا سے تنگ آ کر خود کو آگ لگا لی جسے ریسکیو ٹیم نے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے علاقہ کوٹ فرید کی خاتون نورین بی بی منگل بازار میں سٹال لگا کر اپنا کاروبار کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

محنت کش خاتون اپنے کنبے کی واحد کفیل تھی جس کو عزت کی روزی کمانے پر مسلسل تنگ کیا جاتا رہا اور بھتہ خوروں کی جانب سے سرکاری اراضی پر سٹال لگا کر کاروبار کرنے کا بھتہ طلب کیا جاتا۔

خاتون نے اس سلسلے میں بھتہ مافیا کے تشدد کے بارے میں پولیس کو آگاہ بھی کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی جبکہ بھتہ مافیا کے افراد نے اس کے سٹال میں لگے سامان کو آگ لگا کر جلا دیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھتہ خوروں نے خاتون تاجر کو منگل بازار میں سٹال لگانے سے روک دیا تو اس نے بھتہ مافیا کے ظالمانہ رویہ سے تنگ آ کر جٹ چوک میں خود کو آگ لگا لی۔ بتایا گیا ہے کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ خاتون کو ریسکیو کر کے تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔ حکام نے اس دلسوز واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :