دوکووڈ ویکسینز کا امتزاج طاقتور مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار قرار

ایسٹرا زینیکا یا فائزر کی پہلی خوراک کے بعد موڈرنا یا نووا ویکس کا استعمال ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا کرتا ہے،محققین

بدھ 8 دسمبر 2021 12:35

دوکووڈ ویکسینز کا امتزاج طاقتور مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار قرار
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) ایسٹرا زینیکا یا فائزر کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد دوسرا ڈوز موڈرنا یا نووا ویکس ویکسینز کا استعمال کرنا اس وبائی مرض کے خلاف زیادہ ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا کرتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے زیرتحت ہونے والی کوم کوو تحقیق میں مختلف کووڈ ویکسینز کے امتزاج سے مدافعتی نظام پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق میں شامل رضا کاروں کو ایسٹرا زینیکا یا فائزر ویکسینز پہلی خوراک کے طور پر استعمال کرائی گئی اور 9 ہفتے بعد نووا ویکس یا موڈرنا ویکسینز کی دوسری خوراک دی گئی۔تحقیق میں شامل 1070 افراد کے تحفظ کے حوالے سے کوئی خدشات سامنے نہیں آئے۔

(جاری ہے)

محققین نے بتایا کہ اس طرح کی تحقیقی رپورٹس کی بدولت ہمارے سامنے مختلف کووڈ ویکسینز کو ایک ساتھ استعمال کرنے کے حوالے سے مکمل تصویر ابھر کر سامنے آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب خلیاتی مدافعت کی بات آتی ہے تو ایسٹرا زینیکا ویکسین کو بطور پہلی خوراک کے بعد دیگر ویکسینز کا استعمال ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس طرح جس حد تک جلد ممکن ہوا کووڈ 19 سے بچانے کے لیے دنیا کی ویکسینیشن ممکن ہوسکے گی۔تحقیق کے مطابق ایسٹرا زینیکا ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد اسی کی دوسری خوراک کی بجائے موڈرنا یا نووا ویکس کا استعمال زیادہ اینٹی باڈیز اور ٹی سیلز ردعمل کا باعث بنتا ہے۔

فائرز کی 2 خوراکوں کی بجائے فائزر اور موڈرنا کا امتزاج زیادہ ٹھوس اینٹی باڈی اور ٹی سیلز ردعمل پیدا کرتا ہے۔فائزر اور نووا ویکس ویکسینز کا امتزاج ایسٹرا زینیکا ویکسین کی 2 خوراکوں سے زیادہ اینٹی باڈیز بناتا ہے مگر فائزر کی 2 خوراکوں کے مقابلے میں کم اینٹی باڈیز اور ٹی سیل ردعمل پیدا ہوتا ہے۔ان رضاکاروں کے خون کے نمونوں پر وائرس کی اصل، بیٹا اور ڈیلٹا اقسام کے خلاف ویکسینز کی افادیت کی جانچ پڑتال کی گئی۔

محققین نے وائرس کی اقسام کے خلاف ویکسینز کی افادیت میں کمی کو دیکھا اور یہ تسلسل مکس این میچ شیڈول میں برقرار رہا۔انہوں نے بتایا کہ ایک شیڈول میں مختلف ویکسینز کا استعمال ہم نے کیا یعنی ایم آر این اے ویکسینز، وائرل ویکٹر ویکسینز یا پروٹین پر مبنی ویکسینز، جو ویکسینیشن کا ایک نوول طریقہ کار ہے۔تحقیق کے نتائج سے ان ویکسینز کے لچکدار استعمال کے خیال کو تقویت ملتی ہے جو کہ ان ویکسینز کو برق رفتاری سے لوگوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔