پی آئی اے نے 5 سال بعد ایران کیلئے پروازیں بحال کردیں

جمعرات 30 دسمبر 2021 16:56

پی آئی اے نے 5 سال بعد ایران کیلئے پروازیں بحال کردیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2021ء) پی آئی اے کی جانب سے ایران کے شہر مشہد کیلیے پانچ سال کے وقفے کے بعد پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے پانچ سال کے وقفے کے بعد مشہد کے لئے پروازیں شروع کردیں، پہلی پرواز پی کی119 کے ذریعی165 مسافر لاہور سے مشہد روانہ ہوئے۔اس حوالے ذرائع نے بتایاکہ مشہد کی پروازیں پہلے سے شروع کی گئی نجف، بغداد اور دمشق کی پروازوں کے سلسلے کی کڑی ہیں۔

مشہد کی پرواز کے ساتھ زائرین کی تمام مقدس مقامات کی رسائی ممکن ہوگئی۔سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مشہد کی پروازیں خصوصی طور پر زائرین کی سہولت کے لئے چلائی جارہی ہیں کیونکہ براہ راست پروازیں زائرین کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

(جاری ہے)

ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے زائرین کو مقدس مقامات تک پہنچانے کے مذہبی فریضہ میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی اپنی خدمات پیش کرتی رہے گی، ان پروازوں سے زائرین کو براہ راست اور آسان سفر کی سہولت میسر آگئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایاکہ مشہد کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ہمسایہ ممالک کے مختلف گروپوں کی ایک دوسرے کے ممالک میں نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا، جس میں ایران میں مقدس مقامات کی زیارت اور تجارتی و تجارتی وفود کا تبادلہ بھی شامل ہے۔قومی ایئرلائن کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے زائرین کی سہولیات کے لئے شام، عراق اور ایران کے سیکٹر پر پروازوں میں اضافہ پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے تمام مقدس مقامات پی آئی اے کے نیٹ ورک میں آجائیں گے۔