Live Updates

شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنرل یو این ورلڈ ٹور ازم سے ملاقات ، سیاحت کے فروغ پر گفتگو

وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں حکومت پاکستان، سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دس سالہ روڈ میپ پر عمل پیرا ہے، شاہ محمود قریشی

بدھ 12 جنوری 2022 21:21

شاہ محمود قریشی کی سیکرٹری جنرل یو این ورلڈ ٹور ازم سے ملاقات ، سیاحت ..
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) و زیر خارجہ شا ہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں حکومت پاکستان، سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دس سالہ روڈ میپ پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈرڈ میں یو این ورلڈ ٹورازم ہیڈکوارٹر پہنچے یو این، ڈبلیو ٹی او کے سیکرٹری جنرل زوراب پولولیکا شویلی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا وزیر خارجہ نے میڈرڈ اسپین میں سکرٹری جنرل مسٹر زوراب پولولیکا شویلی سے ملاقات کی ،سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل زوراب پولولیکا شویلی کو آئندہ چار سالہ مدت، (2022 تا 2025) کے لیے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر، دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے سیاحت کے فروغ اور ورثے کے تحفظ کے ضمن میں یو این ڈبلیو ٹی او کے موثر کردار کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ ریتلے ساحلوں سے لیکر پرشکوہ پہاڑوں تک، پاکستان میں بہت سے سیاحتی مقامات موجود ہیں۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں حکومت پاکستان، سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دس سالہ روڈ میپ پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان، سیاحوں کی سہولت کیلئے ای ویزہ کے اجراء سمیت متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، بہت سے ممالک نے اپنی ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ڈیجیٹائزیشن اور تکنیکی معاونت کیلئے یو این ڈبلیو ٹی او ٹیم کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی توقع کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت_پاکستان، قدرتی، سماجی، ثقافتی و ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے، پائیدار ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کیلئے کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل یو این ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کو ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے اور فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے سیاحتی مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے ، وزیر اعظم کے 10 بلین سونامی ٹری منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری جنرل یو این، ڈبلیو ٹی او نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے مقامات ایسے ہیں جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں - بڑے پیمانے پر کرونا ویکسینیشن کے بعد سیاحوں کی نقل و حرکت میں بہتری متوقع ہے سیکرٹری جنرل یو این ڈبلیو ٹی او نے سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور معاونت کی فراہمی کا یقین دلایا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات