بزنس ایکسپوز اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی‘آئی جی پنجاب

ایکسپوز میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی‘ راؤ سردار علی خان

بدھ 12 جنوری 2022 22:09

بزنس ایکسپوز اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس ہر ممکن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے فروغ کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروںاور بزنس اسٹیک ہولڈرز کو پر امن ماحول فراہم کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں پنجاب پولیس تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور پولیس ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے افسران کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھے اور آئندہ ماہ میں ہونے والی دو عالمی بزنس ایکسپوز کے پر امن انعقاد کے حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے ۔ رائو سردار علی خان نے کہاکہ دسویں ویکس نیٹ نمائش اور پاکستان انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کئیر شو میں شرکت کیلئے آنے والے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی تاکہ ٹریڈ اور بزنس کے معاملات ہموار انداز میں چلتے رہیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بزنس ایکسپوز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی رہائش گاہوں اور آمد و رفت کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی پلان تشکیل دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تین رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔

تین رکنی وفد میں ڈائریکٹر خلیل رسول، ڈائریکٹر اللہ داد تارڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر رفیعہ سید شامل تھیں ۔ دوران ملاقات لاہور میں آئندہ ماہ منعقد کی جانے والی دو بین الاقوامی نمائشوں کی سیکیورٹی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غیر ملکی شہریوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس نے سپیشلائزڈ فورس سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) تشکیل دے رکھی ہے جو پنجاب میں آنے والے ہر غیر ملکی شہری ، سرمایہ کار اور ماہرین کے تحفظ کیلئے ائیر پورٹ پررجسٹریشن کائونٹر سے ہی اقدامات کا آغاز کردیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بزنس ایکسپوز میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے ایس اوپیز کے مطابق بہترین اقدامات کئے جائیں گے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وفد نے سیکیورٹی کی فراہمی اور تعاون کی یقین دہانی پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔